Aaj News

بدھ, جون 19, 2024  
12 Dhul-Hijjah 1445  

ڈرامہ “میرے پاس تم ہو” میں دانش کو کس کے کہنے پر مارا گیا؟ ہمایوں سعید کا بڑا انکشاف

معروف کردار دانش (ہمایوں سعید) نے بالآخر بتا دیا کہ دانش کی موت کس کے حکم پر ہوئی؟
شائع 01 اگست 2022 11:17pm
ڈرامہ سیریل “میرے پاس تم ہو” میں دانش کی موت کا منظر (تصویر:اسکرین گریب)
ڈرامہ سیریل “میرے پاس تم ہو” میں دانش کی موت کا منظر (تصویر:اسکرین گریب)

ڈرامہ سیریل “میرے پاس تم ہو” نے ایک طوفان برپا کردیا تھا۔

ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی جیسے بڑے ناموں سے لیس اس ڈرامے کے مکالموں سے لے کر مرکزی پلاٹ تک سب کچھ بہترین تھا۔

ڈرامے میں عائزہ خان نے ایک بہت ہی “آؤٹ آف دی باکس” کردار ادا کیا اور جس طرح اس کا اختتام ہوا وہ آج بھی زباں زد عام ہے۔

ڈرامے کے کردار دانش، مہوش اور شہوار امر ہو گئے ہیں۔

مداحوں کی جانب سے اس ڈرامے کے اختتام پر بہت بحث اور تنقید کی گئی، کیونکہ دانش کی موت کا طریقہ قدرے غیر فطری تھا۔

ڈرامے میں دل کا دورہ پڑتا ہے اور وہ ہسپتال میں دھڑکنیں بند دکھائے جانے کے باجود بھی اپنے بیٹے رومی سے بات کرتا رہتا ہے۔

لوگ دانش کی موت سے غمگین تھے اور چاہتے تھے کہ اس کردار کے لیے کوئی دوسرا اختتامی متبادل تلاش کیا جاتا۔ کئی لوگوں نے سوال بھی اٹھایا کہ ڈرامے کے آخر میں دانش کو موت کیوں دی گئی؟

اس سوال کا جواب “میرے پاس تم ہو” کے معروف کردار دانش (ہمایوں سعید) نے کامیڈی شو “ہنسنا منع ہے” میں خود ہی دیا۔

ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اختتام سے مطمئن ہیں؟

ہمایوں نے کہا کہ “ڈرامے کے اختتام میں دانش کی موت میرے کہنے پر ہی ہوئی تھی، میں چاہتا تھا کہ ڈرامے پر ڈسکشن ہو، اگر ڈرامے کے اختتام میں دانش کی شادی کسی اور خاتون سے ہو جاتی تو اس پر بعد میں کوئی بات نہ کرتا اور دانش کی شادی ہو بھی جاتی تب بھی وہ کبھی خوش نہ رہ پاتا کیوں کہ وہ اپنی پہلی بیوی کو ہی یاد کرتا، اتنا سیدھا بندہ تھا وہ کسی کے ساتھ خوش نہیں رہ پاتا، یا تو وہ اکیلا رہتا یا پھر مرجاتا لیکن مرنے سے ڈرامے کے اختتام پر زیادہ شور مچا”۔