ترکیہ: زلزلے کے آٹھویں روز خاتون کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا

امدادی کارکن دن رات ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف
شائع 13 فروری 2023 02:14pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

جنوبی ترکیہ میں آنے والے ہولناک زلزلے کو ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی ملبے تلے دبے افراد میں زندگی کی رمق باقی ہونے کی امید میں امدادی کارکن دن رات تلاش میں مصروف ہیں۔

العریبیہ کے مطابق ترکیہ کے جنوب میں واقع شہرغازی عنتاب میں ریسکیو ٹیمیں تباہی کے تقریباً 8 دن گزرجانے کے باوجود زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ نوردگ کا یہ علاقہ زلزلے سے مکملتباہ ہو چکا ہے اور آبادی کا ایک بڑا حصہ بے گھر ہے۔

زلزلے کے 170 گھنٹے بعد اصلاحیہ ضلع میں 5 منزلہ عمارت کے ملبے سے 40 سالہ خاتون ’سیبال کایا‘ کو زندہ نکال لیا گیا۔

انادولو ایجنسی کے مطابق آج نکالی جانے والی خاتون کو فوری طورپرعلاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خاتون کے علاوہ زلزلے کو 166 گھنٹے گزرجانے کے بعد ہاتے کے علاقے سے ایک 7 سالہ لڑکا ملبے کے نیچے سے زندہ نکال لیا گیا۔

اس سے قبل پیرامیڈیکس نے 160 گھنٹے بعد ایک شخص کو منہدم عمارت کے ملبے کے نیچے سے زندہ نکالا تھا ۔

تاحال ملبے تلے دبے افراد کے زند بچ جانے کی امید کم ہونے کے باجود ترک حکام کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کو اس حتمی ثبوت کے بغیر نہیں روکیں گے کہ کوئی زندہ بچ نہیں سکا ہے۔34 ہزار کارکن مشکل حالات کے باوجود زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر 6 فروری کو آنے والے ہولناک زلزلے میں اموات کی تعداد 34 ہزار سے زائد ہوچکی ہے اور اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔