Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج، کئی سڑکیں بند

عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں، فواد چوہدری
اپ ڈیٹ 14 مارچ 2023 11:05pm
پی ٹی آئی کارکنان احتجاج کر رہے ہیں۔ فوٹو — سوشل میڈیا
پی ٹی آئی کارکنان احتجاج کر رہے ہیں۔ فوٹو — سوشل میڈیا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں ممکنہ گرفتاری کے خلاف پارٹی کارکنان کی جانب سے ملک کے مخلتف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری اور زمان پارک میں پولیس اور پارٹی ورکرز کے درمیان جھڑپ کے خلاف شدید نعرے بازی جاری ہے جب کہ مظاہرین نے ٹائر جلا کر کئی سڑکیں بھی بند کردیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی گرفتاری کی کوشش پر زمان پارک میں جھڑپیں، گرفتاری منسوخی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد

مظاہرین نے مری جانے والی سڑک اور وفاقی دارالحکومت کے ترنول چوک کو ٹائر جلاکر بند کردیا جب کہ اٹھال چوک بارہ کہو میں کارکنان کا احتجاج جاری ہے۔

راولپنڈی

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری اور بنی گالہ میں پولیس اور پارٹی ورکرز کے مابین جھڑپ کے خلاف راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور وکلاء کا کچہری چوک پر احتجاج جاری ہے جس میں پارٹی چیئرمین کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

راولپنڈی کے کمیٹی چوک پر کارکنان جمع ہوئے اور ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج کیا۔ احتجاج کی وجہ سے ٹریفک بھی متائثر رہا۔ لیاقت باغ اور کچہری چوک پر کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا ۔ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے گولے فائر کیے گئے اور لاٹھی چارج بھی کیا۔

کراچی

ملک کے مختلف شہروں کی طرح کراچی میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف گھروں سے باہر نکلے آئے۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شہر قائد کے 11 مقامات پر دھرنا دے دیا ہے۔ جن مقامات پر دھرنا دیا گیا ہے ان میں ماڑی پور، قیوم آباد، حیدری، اسٹارگیٹ اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

فیض آباد

راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم فیض آباد پر کارکنوں کی تعداد جمع ہوئی تو پولیس کی بھاری نفری نے ان کا راستہ روک لیا۔ بھارہ کہو ، اٹھال چوک اور ایکسپریس وے پر مظاہرین کپتان کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے نظر آئے۔

کوئٹہ

پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران ایئر پورٹ روڑ بلاک کر دیا، سڑک بند ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

مری

پی ٹی آئی کی جانب سے مری میں جی پی او چوک پر صداقت علی عباسی کی قیادت میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔

عیسیٰ خیل

عیسیٰ خیل کے نواحی علاقہ کمر مشانی میں بھی تحریک انصاف کارکنان سراپا احتجاج ہیں، مظاہرین نے میانوالی بنوں روڈ کو بند کردیا ہے۔

پشاور

سابق وزیراعظم کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پشاور میں پی ٹی آئی کےکارکنوں کا پریس کلب کے باہر احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے ٹائر جلا کر شیر شاہ سوری روڈ کو بند کردیا جب کہ کارکنوں کی ریڈ زون کی جانب پیش قدمی دیکھی جا رہی ہے۔

لکی مروت

لکی مروت میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر انڈس ہائی وے کو بند کردیا جس کے باعث ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر پی ٹی آئی نے کارکنوں کو ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔

ایک ٹویٹ میں رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ ‏پاکستان کے لوگ جہاں بھی ہیں چوک اور چوراہوں میں اکٹھے ہوں، عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی تنظیمیں اس احتجاج کو پر امن بنانے میں کردار ادا کریں اور جگہ کا اعلان کریں۔

pti

karachi

Imran Khan Arrest

zaman park march 14 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div