Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسلادھار بارش کی تردید کردی

شہرمیں اربن فلڈنگ سے متعلق چلنےوالی خبریں بے بنیاد ہیں، سردارسرفراز
اپ ڈیٹ 26 اپريل 2023 04:47pm
محکمہ موسمیات نے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا - تصویر/ روئٹرز
محکمہ موسمیات نے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا - تصویر/ روئٹرز

محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسلا دھار بارشوں کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل سے گردش کرنے والی تمام خبریں محض افواہ ہیں۔

گزشتہ رات سوشل میڈیا پر ایک الرٹ جاری ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں 2019 کے بعد سب سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔

تاہم، آج نیوز سے بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ترجمان سردار سرفراز نے کہا کہ بارشوں سے متعلق کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں مزید کہا کہ کراچی میں ہلکی بارش ہوگی جبکہ جنوبی بلوچستان کے کچھ حصوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، لیکن کراچی میں اربن فلڈنگ کا ایسا کوئی امکان نہیں ہے۔

اربن فلڈنگ سے متعلق چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، سردارسرفراز

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں کل سے بوندا باندی کا امکان ہے، 28 اپریل سے یکم مئی تک کراچی میں بارشیں ہوں گی جبکہ اس دوران کہیں ہلکی، کہیں تیز اور کہیں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہرمیں اربن فلڈنگ سے متعلق چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، اربن فلڈنگ کا خدشہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہوسکتا ہے، بلوچستان سے ملحقہ سندھ کےعلاقوں قمبر شہداد کوٹ اور دیگراضلاع میں تیزبارش متوقع ہے۔

سردارسرفراز نے کہا کہ کراچی میں بارشوں سے حالیہ گرمی کی لہر میں کمی ہوگی اور موسم بہار کی اس بارش میں بھی ژالہ باری کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 اپریل سے مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، جوملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں مئی کے پہلے ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہیں۔

دوسری جانب موسم کا حال بتانے والے تجزیہ کار جواد میمن نے منگل کو بتایا تھا کہ کراچی کے آسمان پر سورج کا ہالہ نظر آ رہا ہے۔

آج ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سورج کا ہالہ اس وقت ہوتا ہے جب اوپری فضا میں عدم استحکام ہو اور زیادہ نمی برف کے کرسٹل بنانے لگتی ہے، جب روشنی کی شعاعیں برف کے کرسٹل سے گزرتی ہیں تو یہ سورج کے ہالوں کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔

جواد میمن نے کہا کہ یہ آںے والے خطرناک موسم کی جانب بھی اشارہ ہوسکتا ہے جبکہ سورج کا ہالہ موسم کی تبدیلی کی طرف عکاسی کرتا ہے کہ بہت جلد طوفان آنے والا ہے۔

karachi

Met Office

Rain

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div