Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

این سی اے اسکینڈل : نیب نے کل عمران خان کو اہلیہ سمیت طلب کرلیا

بشری بی بی اور عمران خان کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 17 مئ 2023 05:11pm

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کل ( 18 مئی) کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

نیب کی تین رکنی کمیٹی 190 ملین پاؤنڈز کی منتقلی سے متعلق این سی اے اسکینڈل میں بشریٰ بی بی کو نوٹس دینے زمان پارک پہنچی۔

نیب ٹیم نے فنڈزمنتقلی کیس میں بشری بی بی کو نوٹس کی تعمیل کرانے زمان پارک میں 2 گھنٹے تک موجود رہی، تاہم نیب حکام نے بتایا کہ کسی نے بشریٰ بی بی کی جانب سے نوٹس موصول نہیں کئے۔

ذرائع تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ لیگل ٹیم نیب سے نوٹس وصول کرے گی، اور پی ٹی آئی لیگل ٹیم ابھی تک زمان پارک نہیں پہنچی۔

ذرائع نے بتایا کہ لیگل ٹیم کی عدم موجودگی پر نوٹس موصول نہ ہوسکا، اور نیب کی ٹیم 2 گھنٹے بعد بغیر نوٹس موصول کروائے زمان پارک سے روانہ ہوگئی، تاہم نیب کی ٹیم نوٹس موصول کروانے دوبارہ زمان پارک آئے گی۔

ذرائع کے مطابق نوٹس میں بشری بی بی کو کل اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہورہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی 23 مئی تک ضمانت منظورکی تھی، جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کوشامل تفتیش ہونےکی ہدایت کی تھی۔

عمران خان کی طلبی

نیب نے عمران خان کو بھی نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں طلب کررکھا ہے، اور انہیں ایک سوال نامہ بھی بھیجا گیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بھی نوٹس موصول کروانے کے لئے نیب ٹیم زمان پارک پہنچی اور نوٹس وصول کرایا۔

نیب کا نوٹس عمران خان کی قانونی ٹیم کے رکن علی بھنڈر نے وصول کیا، جس کے بعد نیب ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔

نوٹس کے مطابق عمران خان کل نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوں گے اور انہیں کیس سے متعلق دستاویزت بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عمران خان کو عدالت نے حکم دیا ہوا ہے کہ جب نیب طلب کرے وہ پیش ہوں گے اورتفتیش میں تعاون کریں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران کی گرفتاری کا باعث ’القادر ٹرسٹ کیس‘ کے پیچھے کیا کہانی ہے؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے عمران خان سے القادر ٹرسٹ کو موصول تمام عطیات کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں جبکہ کیس انکوائری کا ٹائیٹل تبدیل کردیا گیا ہے۔

کیس میں شیخ رشید کی طلبی

نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں نیب نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو بھی طلب کر لیا ہے، اور انہیں طلبی کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹس میں شیخ رشید کو 24 مئی دن ساڑھے 12 بجے نیب راولپنڈی پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے، جب کہ انہیں کیس سے متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سابق معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر بھی طلب

عمران خان کے بعد نیب نے پی ٹی آئی دور مشیر احتساب شہزاد اکبر کوبھی 18 مئی کو طلب کیا ہے اور نوٹس میں کیس سے متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نیب نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اُن کے حامیوں نے ملک بھر میں ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ عمران خان تفتیش میں رکاوٹ ڈالیں تو نیب ضمانت منسوخی کی درخواست کرسکتا ہے، تفتیشی کو جب بھی ضرورت ہوعمران خان ان کے سامنے پیش ہوں۔

NAB

imran khan

nab rawalpindi

Al Qadir Scandal

Politics may 17 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div