Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

بلاول بھٹو آج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے

مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کیخلاف کشمیری سراپا احتجاج
اپ ڈیٹ 22 مئ 2023 10:41am
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر آزاد کشمیر میں موجود ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو آج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے منگل کو جلسہ عام بھی ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملیں گے جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار بلاول بھٹو کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

مزید پڑھیں: ایک کانفرنس سے کشمیر کی آواز نہیں دبائی جا سکتی، بھارت کو غلط ثابت کریں گے، وزیر خارجہ

بلاول بھٹو زرداری آج رات باغ آزاد کشمیر روانہ ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر متنازع علاقہ ہے، مقبوضہ خطے میں جی 20 اجلاس عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ایک کانفرنس کے انعقاد سے کشمیر کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی اقدام سے اس کی اصل شکل سامنے آئے گی۔

وزیر خارجہ کی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین کے نمائندہ وفد سے ملاقات

دوسری جانب مظفرآباد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: چین اور ترکی کے بعد مصر، سعودی نے بھی مقبوضہ کشمیر میں جی20 کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا

کشمیری وفد نے سرینگر میں ہونے والی جی 20 کانفرنس پر اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔

وفد نے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے کردار کو سراہا اور 1990 میں ہجرت کرکے مقبوضہ کشمیر سے آزاد کشمیر آنے والے مہاجرین سے بھارتی افواج کے مظالم سے بھی آگاہ کیا۔

جی 20 اجلاس: مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف کشمیری سراپا احتجاج ہیں، آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔

بھارت کی دعوت پر مقبوضہ کشمیر میں جی 20 ممالک کے اجلاس کے انعقاد کے خلاف آج آزاد کشمیر بھر میں یوم احتجاج منایا جارہا ہے۔

مظفرآباد سمیت تمام اضلاع میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، مظاہروں اور احتجاجی ریلیوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد متنازعہ ریاست میں اجلاس کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔

جی 20 اجلاس کے خلاف احتجاج کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزِیر احمد غزالی، عثمان علی ہاشم اور دیگر قائدین کررہے ہیں۔

بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی میزبانی والے اجلاس کے خلاف شہری سیاہ پرچم لہرا کر اور سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج میں شریک ہیں۔

مظاہرین خود کو زنجیروں میں جکڑ کر جی 20 ممبر ممالک کو کشمیر کی حقیقی صورتحال کی طرف متوجہ کررہے ہیں۔

احتجاج کے دوران مظاہرین ”بائیکاٹ بائیکاٹ جی 20 بائیکاٹ“ بھارتیو قابضو “جموں کشمیر چھوڑ دو “ کی شدید نعرے بازی کررہے ہیں۔

بھارت مخالف مظاہرے کے شرکاء کچھ دیر میں برہان وانی شہید چوک تک مارچ کریں گے۔

foreign minister

Bilawal Bhutto Zardari

azad kashmir assembly

muzaffarbad

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div