Aaj News

پیر, مئ 06, 2024  
27 Shawwal 1445  

ملیر ایکسپریس وے کراچی کی ترقی میں گیم چینجر ثابت ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

ملیر ایکسپریس وے بننے سے شارع فیصل پر ٹریفک کا دباؤ کم ہو جائے گا، مراد علی شاہ
شائع 18 جون 2023 04:15pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ملیر ایکسپریس وے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزیر شرجیل میمن اور حال ہی میں میئر کراچی منتخب ہونے والے مرتضیٰ وہاب بھی تھے۔

ملیرایکسپریس وے کا معائنہ اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے 27 ارب روپے میں مکمل کیا جائے گا، پروجیکٹ کے 2 حصے ہیں جن پر کام جاری ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ جام صادق پل تا قائد آباد تک پہلے حصے کا کام 38 فیصد مکمل ہوچکا جبکہ قائدآباد سے کاٹھوڑ تک دوسرے حصے کا کام 15 فیصد ہوگیا۔ اس پروجیکٹ پر 6 انٹرچینج، فلائی اوورز اور 6 سیدھے پل تعمیر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملیرایکسپریس وے بننے سے شارع فیصل پر ٹریفک کا دباؤ کم ہو جائے گا، ملیرایکسپریس وے کی تعمیر سے تقریباً 40 کلومیٹر فاصلہ کم ہو جائے گا۔

مراد علی شاہ نے ملیر ایکسپریس وے منصوبے کا ایک حصہ دسمبر میں کھولنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی تا ٹھٹھہ اور جامشورو کی جانب چلنے والی ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہو جائے گا، ملیرایکسپریس وے کراچی کی ترقی میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا، 50 کلو میٹر کا راستہ 15 منٹ میں طے ہوگا۔

ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو پی ڈی نیاز سومرو اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ نے بریفنگ دی۔

Sindh government

malir expressway

Karachi development

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div