Aaj News

پیر, مئ 06, 2024  
27 Shawwal 1445  

پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کی گئیں، وزیر اعظم

آئی ایم ایف معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 20 جون 2023 03:22pm
اسکرین گریب/ پی ٹی وی
اسکرین گریب/ پی ٹی وی

چین اور پاکستان نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردئیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مفاہمتی یادداشت کی دستخطی تقریب میں شرکت کی، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال اور خرم دستگیر بھی تقریب میں موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ 12 سو میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ ایک اور سنگ میل ہے، اس معاہدے سے پاکستان چین معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کیلئے پرعزم ہے، چین کی طرف سے 4.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے، یہ معاہدہ چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کا پاکستان پر اعتماد کی علامت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے بےحد مشکور ہیں، چینی حکومت کے ساتھ سمجھوتے میں اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کا بھی مشکور ہوں، پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ 1200 میگاواٹ صلاحیت کا حامل ہے، منصوبے کی کل لاگت 400 ارب ڈالر ہے، گزشتہ حکومت نے اس منصوبے کو سردخانے میں ڈال دیا تھا، چشمہ 5 منصوبے میں چینی کمپنی نے 30 ارب روپے کی رعایت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ فوجی قیادت کے منصوبے میں دلچسپی لینے پر شکر گزار ہوں۔

پاکستان سویٹ ہومز کیلئے 4 ٹرانسپورٹ وین عطیہ

وزیراعظم نے پاکستان سویٹ ہومز کو ٹرانسپورٹ وینز عطیہ کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ سویٹ ہوم بچوں کیلئے ایک بہترین ادارہ ہے، ہم نے مل کر پاکستان کو عظیم بنانا ہےاور قائداعظم کا خواب پورا کرنا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف سویٹ ہومز کے بچوں کیساتھ وین میں بھی بیٹھے اور بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بچوں محنت کرو، خوب محنت کرو، قوم کےعظیم معمار بنیں۔ تعلیم حاصل کرکے اچھےعہدوں پر فائز ہو کر ملک کی خدمت کریں۔

پاکستان کوغیر مستحکم کرنے کی سازشیں کی گئیں

مارگلہ ایونیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر امریکا نواز حکومت کا الزام لگایا گیا، 9 مئی کو ان کی سازش اور ملک دشمنی انتہا کو پہنچ گئی اور وہ کام ہوا جو دشمن سوچ بھی نہیں سکتا تھا، پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازشیں کی گئیں لیکن موجودہ حکومت ملک میں پائیدار قیام امن کو یقینی بنائے گی۔

ملک میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں کی ترقی کیلئے مختلف منصوبےشروع کررہے ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں ماضی میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔ اسکندر اعظم روڈ 20 ارب روپے کا دیہی ترقیاتی پیکج شاندار اقدام ہے، یہ سڑک جی ٹی روڈ سے مل جائے گی جس سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح

وزیراعظم شہباز شریف نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کیا، 10.4 کلومیٹر شاہراہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والوں کو متبادل راستہ فراہم کرے گی، یہ شاہراہ سنگجانی سے ڈی 12 تک ہوگی۔ منصوبے پر 2 ارب 69 کروڑ 91 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔

مارگلہ ایونیو منصوبے کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، سابق اراکین قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان اور مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے رہنما بھی موجود تھے۔

PM Shehbaz Sharif

Chashma 5 Nuclear Power Plant

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div