Aaj News

پیر, مئ 06, 2024  
27 Shawwal 1445  

حکومت وائٹ ہاؤس کے اعلامیہ کا جواب ضرور دے گی، وزیر دفاع

امریکا کے لئے جنگیں انویسٹمنٹ ہوا کرتی ہیں، آج بھی یورپ میں جو جنگ جاری ہے وہ انویسٹمنٹ ہے، خواجہ آصف
اپ ڈیٹ 23 جون 2023 04:29pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت وائٹ ہاؤس کے اعلامیہ کا جواب ضرور دے گی، آج جو اسٹیٹمنٹ شائع ہوئی وہ سابق دور حکومتوں کیلئے شرمندگی کا باعث ہے۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں خواجہ آصف نے بھارتی وزیراعظم کے دورہ امریکا کی بات کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مود کو صدر جو بائیڈن نے مدعو کیا تھا، ایک مرتبہ پھر انہوں نے بھارتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور ہرزہ سرائی کی۔ یہی مودی تھا جس نے بھارتی گجرات میں دہشت گردی کرائی اور اقوام متحدہ نے اس پر پابندی لگائی۔

مقبوضہ کشمیر کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام دہائیوں سے قید ہیں، مودی اور انتہا پسند ہندو بڑے دہشت گرد ہیں۔ کشمیر میں کئی سالوں سے غیر اعلانیہ کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، سویلین کی بڑی تعداد آج بھی کشمیر میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دیا، جنگ کے نتیجے میں ہمارے ملک میں دہشتگردی پھیلی، پاکستان آج بھی دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے، امریکا کو دہشت گردی کےخلاف پاکستان کا کردار یاد رکھنا چاہیے، ہم نے گزشتہ 45 سال میں امریکا کا ساتھ دیا، دونوں افغان جنگوں میں ہم ہراول دستہ تھے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہم نے پرائی جنگ میں حصہ لیا اور دہشت کو گھسیٹ کر اپنے گھر لائے، امریکا کے لئے جنگیں انویسٹمنٹ ہوا کرتی ہیں، آج بھی یورپ میں جو جنگ جاری ہے وہ انویسٹمنٹ ہے، ہماری پہلی پالیسی فراڈ تھی، ہم 9/11 کے بعد ان کے اتحادی بنے اور آج جو ملک میں دہشت گردی ہورہی ہے یہ بھی اسی کا شاخسانہ ہے۔ آج بھی پاکستانی قوم امریکی حلیف ہونے کی سزا بھگت رہے ہیں، آج جو اسٹیٹمنٹ شائع ہوئی وہ سابق دور حکومتوں کیلئے شرمندگی کا باعث ہے، حکومت وائٹ ہاؤس کے اعلامیہ کا جواب ضرور دے گی۔

Joe Biden

Pakistan Foreign Office

PM Modi Visit USA

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div