Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

فلمساز وجاہت رؤف اور جنید جمشید کا ایک جذباتی واقعہ

جنید جمشید 7 دسمبر 2016ء کو طیارہ حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے
اپ ڈیٹ 11 جولائ 2023 10:05pm

فلمساز وجاہت رؤف نے معروف مذہبی اسکالر، میزبان اور سابق گلوکار مرحوم جنید جمشید سے جُڑے ایک جذباتی واقعے کا انکشاف کیا ہے ۔

حال ہی میں وجاہت رؤف نے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے مرحوم جنید جمشید کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم لاس اینجلس کے کالج میں تھے، ہم نے 14 اگست کو ایک کنسرٹ کا اہتمام کیا جس میں جنید جمشید کو پرفارم کرنا تھا اور اس کے لئے ہم نے ان کے مینیجر کو 8 سو ڈالرز ادا کئے۔

تاہم وہ کنسرٹ کسی وجہ سے نہ ہوسکا اور بعدازاں ہم دونوں ہی اس بارے میں بھول گئے۔ 2 سال بعد میری جنید جمشید سے دوستی ہوگئی تو وہ ہمیں اپنے کنسرٹ میں بلایا کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جب جنید جمشید پر ایک ایسا وقت آیا تھا جب ان کے مالی حالات اچھے نہیں تھے ان دنوں مجھے ان کی کال موصول ہوئی اور مجھے ملنے کے لئے بلالیا۔ مجھے لگا کہ شاید انہیں کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہوگی تو میں اسی نیت سے گیا تھا۔

پروڈیوسر نے بتایا کہ جب وہ مرحوم جنید جمشید سے ملنے پہنچے تو معلوم ہوا کہ انہوں نے مجھے وہ 8 سو ڈالر واپس کرنے بلایا ہے چونکہ ان کے پاس وہ رقم نہیں تھی اس لئے انہوں نے ہمارے لئے پرفارم کرنے کے لئے خصوصی اجازت لی اور پھر ہمارے لئے پرفارم کیا۔

وجاہت رؤف نے مزید بتایا کہ جنید جمشید اپنے قرض سے کافی خوفزدہ تھے اور کہتے تھے کہ وہ کسی کا قرض لے کر اس دنیا سے رخصت نہیں ہونا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ 7 دسمبر 2016ء کو جنید جمشید پی آئی اے کے طیارے میں سوار تھے جو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا تھا، حادثے میں طیارے کے عملے سمیت 48 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Wajahat Rauf

Junaid Jamsheed