Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

ریکوڈک کے جھگڑے پر پاکستان کے اربوں روپے جھونک دیے گئے، وزیراعظم

شہباز شریف نے گوادر میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کردیا
اپ ڈیٹ 27 جولائ 2023 05:51pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں یہاں کے جاری منصوبوں کو التوا میں رکھا گیا، ریکوڈک کے جھگڑے پر پاکستان کےاربوں روپے جھونک دیے گئے، اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود عوام کو فائدہ نہیں ہوا۔

وزیراعظم نے گوادر میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کردیا جبکہ انہوں نے مستحق ماہی گیروں میں امدادی چیک اور طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گوادر میں ایک ایک منٹ اطمینان اور مسرت کا گزر رہا ہے، بلوچستان پاکستان کا ایک خوبصورت صوبہ ہے، بلوچستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کو بنیادی وسائل سے محروم رکھا گیا، گوادر اور بلوچستان کی ترقی کے لیے عوامی منصوبوں کی بنیاد رکھی، ہم نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچائی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے اپنے وسائل بھی استعمال کیے، بلوچستان ریکوڈک سمیت معدنیات سے مالامال ہے، ریکوڈک کے جھگڑے پر پاکستان کے اربوں روپے جھونک دیے گئے ، اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود عوام کو فائدہ نہیں ہوا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ گوادر دنیا کی گہری ترین بندرگاہوں میں سے ایک ہے، بڑے بڑے وزنی جہاز یہاں لنگر انداز ہوسکتے ہیں، سابق دور میں گوادر پورٹ کی صفائی تک نہیں کی گئی، صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گودار پورٹ کو نقصان پہنچا، ہم نےصفائی کا کام شروع کردیا ہے، جلد بڑے جہاز آنا شروع ہوجائیں گے، گوادر میں جہاز آئیں گے تو فائدہ مقامی آبادی کو روزگار ملے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی دورمیں جاری منصوبوں کو التواء میں رکھا گیا، بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے، تعلیم اور بنیادی سہولتوں پر بلوچستان کے عوام کا حق ہے، بلوچستان کے منصوبوں سے یہاں کے عوام کی ترقی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات کیے جانا چاہئیں، حکومت سنبھالتے ہی گوادر بندرگاہ کی صفائی کا کہا، گزشتہ 15 ماہ کے دوران 6 لاکھ ٹن سامان آیا، ہمیں بلوچستان کو ترقی کا عظیم خطہ بنانا ہوگا، یہاں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حفاظت ہمارافرض ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پچھلے بجٹ سے ایک لاکھ لیپ ٹاپ آج تقسیم کیے گئے، موجودہ بجٹ سے مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم ہوں گے، بلوچستان کے لیپ ٹاپ بجٹ 14 فیصد سے 18 فیصد کردیا جائے گا، ہم نے گوادر بندرگاہ دنیا کی بہترین بندرگاہ بنانا ہے۔

ماضی میں زیرالتواء منصوبوں کو جلد مکمل کرلیں گے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے ایک بار پھر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومت نے سی پیک کو نظر انداز کیا، 4 سال کے دوران کوئی کام نہیں کیا گیا، گوادر میں پینے کا پانی نہیں، بجلی پر بھی کوئی کام نہیں ہوا، گوادر کے عوام پانی اور بجلی کو ترس رہے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے ملک کو مسائل سے دوچار کیا، ماضی کے زیرالتواء منصوبے ایک سال میں مکمل کیے، نواز شریف دور میں ترقیاتی کام شروع کیے گئے، ہمیں ہی چور ڈاکو کہا گیا، چور ڈاکو کا لاگ لاپا، کام ایک ڈھیلے کا نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے 2.4 بلین ڈالر رول اوور کردیے، آئندہ فروری تک گوادر پورٹ فنکشنل ہوجائے گا، گوادر پورٹ پر ڈریجنگ کا کام جاری ہے، ہم نے آج ماہی گیروں کو کشتیوں کے جنریٹر کے لیے چیک دیے، ہم نے پنجگور ٹرانسمیشن لائن کا کام مکمل کروایا، ہمیں بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کرنے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ شمسی توانائی سے بلوچستان میں انقلاب آسکتا ہے، ٹرانسمیشن لائن پر اربوں روپے خرچ ہوں گے، شمسی ٹیوب ویلز سے زراعت ترقی کرے گی، ملک کو ترقی دینے کے لیے سستی بجلی پیدا کرنا ہوگی، انڈسٹریز اور ٹیوب ویلز سولر سسٹم پر چلنے چاہئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں زیرالتواء منصوبوں کو جلد مکمل کرلیں گے، گزشتہ حکومت کے سامنے کیا رکاوٹ تھی، گزشتہ حکومت صرف گالم گلوچ میں مصروف رہی، ہمارے دوست ممالک بھی ناراض ہوگئے، ہم نے منتیں کرکے دوست ممالک کو منایا، کل ہی چین نے ڈھائی ارب ڈالر رول اوور کیے ہیں، ہمیں مل کر ملک کے لیے کام کرنا چاہیئے۔

گزشتہ حکومت لیپ ٹاپ کے بجائے انڈے اورکٹے کی بات کرتی رہی، وزیراعظم

دوسری جانب گوادرمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پانی کا منصوبہ 2015 میں شروع کیا گیا تھا، پی ٹی آئی دور میں منصوبے پر کوئی کام نہیں ہوا، گوادر کے لیے پانی کا منصوبہ دوبارہ شروع کررہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ کی صفائی کے لیے بھی کوئی کام نہیں کیا گیا، 4 جون 2022 کو اقتدار سنبھالا تو پتہ چلا صفائی نہیں ہوئی، صفائی نہ ہونے کے باعث بڑے جہاز نہیں آسکتے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ گزشتہ دورمیں ایک لاکھ ٹن کا کارگو ہوا، ہمارے 14 ماہ میں 6 لاکھ ٹن کارگو گوادر پہنچا، جہاز آنے سے مقامی مزدوروں کو روزگار ملا، ماضی کی حکومت نے ترقی کے منصوبوں میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر کےعوام کے لیے بجلی کی فراہمی کا منصوبہ مکمل کیا، گوادرمیں ماہی گیرمحنت سےروزگار کماتے ہیں، آج ہم نے مستحق ماہی گیروں میں چیک تقسیم کیے، گوادر میں صنعتی زونز بننے تھے، ماضی میں غفلت کی گئی، آج ہم نے بلوچستان کے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ چینی حکومت کے تعاون سے بجلی کا منصوبہ لگایا گیا، سی پیک دینے پر چینی حکومت کا شکر گزار ہوں، ہم ہمیشہ تمام دوست ممالک کی مدد کو یاد رکھیں گے، گزشتہ حکومت لیپ ٹاپ کے بجائے انڈے اور کٹے کی بات کرتی رہی جبکہ ہم طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کررہے ہیں۔

بلوچستان

Gawadar

PM Shehbaz Sharif

laptop scheme

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div