Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
25 Shawwal 1445  

سپریم کورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کیخلاف فرد جرم ہے، تحریک انصاف

الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت مقدمے کا اعلان
شائع 31 اگست 2023 05:06pm
فوٹو – فائل ( الیکشن کمیشن آف پاکستان )
فوٹو – فائل ( الیکشن کمیشن آف پاکستان )

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کیخلاف فرد جرم ہے۔

پنجاب میں انتخابات پر عدالتی فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کی نظرِثانی درخواست سپریم کورٹ سے خارج ہونے پر تحریک انصاف کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آئین سے صریح انحراف کا مرتکب ہوا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے آئین کی حدود میں رہتے ہوئے پنجاب اور پختونخوا میں اسمبلیوں کی تحلیل کا آئینی و جمہوری قدم اٹھایا تھا۔

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کیخلاف سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرکے ان کے کڑے محاسبے کی استدعا کریں گے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ دستور اسمبلیوں کی قبل از وقت تحلیل کی صورت میں الیکشن کمیشن کو 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مفصّل سماعت کے بعد 90 روز میں انتخابات سے متعلق آئین پاکستان کی تشریح کی اور الیکشن کمیشن کو 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کا پابند بنایا۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین کی منشا اور عدالتِ عظمیٰ کے حکم پر عمل کی بجائے انتخابات کو غیرمعیّنہ مدت تک التواء میں ڈالنے کا مجرمانہ قدم اٹھایا۔ سپریم کورٹ نے معاملے پر اپنے تفصیلی فیصلے میں الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار کی شرح و وضاحت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نظرِثانی درخواست پر سماعت کے دوران بھی الیکشن کمیشن اپنے خلافِ آئین اقدامات پر عدالت کو مطمئن کرنے میں مکمل ناکام رہا، عدالتِ عظمیٰ کے 4 اپریل کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی نظرِثانی درخواست کا سپریم کورٹ سے اخراج فی الحقیقت الیکشن کمیشن کیخلاف فردِ جرم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے اب قومی انتخابات کے باب میں بھی آئین سے انحراف کا ایجنڈا قوم پر عیاں ہے، ملک میں صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کے ذمہ دار ادارے کی جانب سے دستور سے مسلسل انحراف اور شہریوں کو ووٹ کے بنیادی حق سے محروم کئے جانے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

pti

Pakistan Politics

Punjab Elections

general elections 2023

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div