Aaj News

بدھ, مئ 22, 2024  
13 Dhul-Qadah 1445  

توشہ خانہ کیس: بشریٰ بی بی کی نیب طلبی نوٹس چیلنج کرنے کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری درخواست پر سماعت کریں گے
شائع 01 مئ 2024 05:32pm

قومی احتساب بیور (نیب) راولپنڈی نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نئی تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے نیب طلبی کا نوٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا جبکہ نیب نوٹس چیلنج کرنے کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر ہو گئی۔

توشہ خانہ کے حوالے سے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیب کی تحقیقات کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا، جہاں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے طلبی کے لیے نیب کا نوٹس چیلنج کردیا۔

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے نیب نوٹس کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے کل سماعت کے لیے مقرر کرلی۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری درخواست پر سماعت کریں گے جبکہ بشریٰ بی بی نے نوٹس بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان ریاض گل اور خالد یوسف چوہدری کے ذریعے چیلنج کیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نئی انکوائری میں نیب کا بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر قیمتی تحائف غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔

درخواست میں پٹیشن کے فیصلے تک نیب کال اپ نوٹس معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانہ کیس میں نئی انکوائری میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طلبی کا کال اپ نوٹس جاری کیا تھا۔

نیب راولپنڈی نے کال اپ نوٹس پر تحقیقات کے لیے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو خط لکھا تھا، نیب کی جانب سے 16 اپریل کو دونوں کی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کیس دو حصوں میں بنایا گیا ،تحائف غیرقانونی فروخت کرنے کا الگ سے کیس بنایا گیا ہے، جس کی تحیقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔

توشہ خانہ ریفرنس میں راولپنڈی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ دونوں کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 10 سال تک نا اہل قراردیا تھا تاہم اپریل میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کی سزائیں معطل کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سزا معطلی کی تھی۔

یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عمران خان اور سابق خاتون اول کو رواں سال کے شروع میں 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

یہ بھی واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائے جانے سے ایک روز قبل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

bushra bibi

Toshakhana

toshakhana case

IMRAN KHAN Adiyala Jail