Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 27.4 فیصد ہوگئی

سالانہ حساب سے معمولی کمی لیکن ماہانہ اضافہ جاری
اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2023 08:47pm
فوٹو ـــ فائل
فوٹو ـــ فائل

ملک میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح میں معمولی کمی آگئی، اگست میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 27.4 فیصد رہی۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) نے اعداد و شمار جاری کردیے۔

ادارہ برائے شماریات کے مطابق اگست میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سالانہ بنیاد پر 27.4 فیصد رہی جو جولائی کے مقابلے میں معمولی کم ہے اس سے قبل یہ شرح 28.3 فیصد تھی۔ ماہانہ بنیاد پر اس میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا۔

اس طرح مالی سال 24 کے 2 ماہ میں اوسط افراط زر کی شرح 27.85 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جو مالی سال 23 کے 2 ماہ کے اوسط 26.10 فیصد سے زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ اقتصادی ماہرین سمجھتے ہیں کہ آنے والے مہینوں میں روپے کی قدر میں کمی، توانائی کے نرخوں میں اضافہ اور ایندھن کی ریکارڈ اونچی قیمتیں صارفین کی جیبوں پر اثر انداز ہوں گی۔

اگست کے لئے کنزیومر پرائس انڈیکس پر مبنی ریڈنگ بھی کیلنڈر سال 2023 میں سب سے کم ہے۔

شہری، دیہی افراط زر

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) نے کہا ہے کہ سی پی آئی افراط زر اربن میں اگست 2023 میں سالانہ بنیاد پر 25.0 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس سے پہلے کے مہینے میں 26.3 فیصد اور اگست 2022 میں 26.2 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

ماہانہ کی بنیاد پر اگست 2023 میں یہ بڑھ کر 1.6 فیصد ہوگئی جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں 3.6 فیصد اور اگست 2022 میں 2.6 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

سی پی آئی افراط زر دیہی سالانہ کی بنیاد پر 30.9 فیصد تک بڑھ گئی جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں 31.3 فیصد اور اگست 2022 میں 28.8 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

ماہانہ بنیاد پر اگست 2023 میں یہ بڑھ کر 1.9 فیصد ہوگئی جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں 3.3 فیصد اضافہ اور اگست 2022 میں 2.2 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز یکم ستمبر کو نگراں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک اور اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پٹرول کی قیمت 305.36 روپے اور ڈیزل 311.84 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا مطلب ہے کہ اگست کے آغاز سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں تقریبا 21 فیصد یا 52.36 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا اجلاس 14 ستمبر کو ہوگا جس میں اہم پالیسی ریٹ کا فیصلہ کیا جائے گا، جو اس وقت ریکارڈ 22 فیصد ہے۔ زیادہ تر تجزیہ کار سمجھتے ہیں کہ شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

economic crisis

دسترخوان

Pakistan Inflation

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div