Aaj News

جمعرات, دسمبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Akhirah 1446  

’پاکستان مسلم لیگ ن کے اندر بڑی جنگ چل رہی ہے‘

نواز شریف سے کہا کہ اتنا لڑو کہ آئندہ ساتھ بیٹھنا پڑے تو شرمندگی نہ ہو، خورشید شاہ
اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2023 10:22pm
Exclusive interview of Khursheed Shah - Faisla Aap Ka - Aaj News

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اندر بڑی جنگ چل رہی ہے، پیپلزپارٹی پر تنقید بچکانہ حرکت ہے، ن لیگ اپنے اندرونی اختلافات کا بوجھ پیپلزپارٹی پر نہ ڈالے، اتحادی حکومت میں کئی بار اختلافات ہوئے مگر آصف زرداری نے شہبازشریف کی بھرپور مدد کی۔

آج نیوز کے ”پروگرام فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی لڑائی سے گریز کرتی ہے، بہتر ہوگا ن لیگ بھی لڑائی کے جواز نہ بنائے، ن لیگ کے اندر بڑی جنگ چل رہی ہے، ان کے اندر اختلافات دنیا کو نظر آرہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اختلافات کا شکار ہے، ن لیگ اپنے اختلافات کا بوجھ پیپلزپارٹی پر ڈال رہی ہے، اتحادی حکومت میں بھی ن لیگ میں اختلافات ہوتے تھے، شہبازشریف اپنے وزیروں میں تصفیہ کراتے رہتے تھے، پیپلزپارٹی پر تنقید بچکانہ حرکت ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ن لیگ تنہا چلنا چاہتی ہے تو وہ فیصلے میں آزاد ہے، پیپلزپارٹی اداروں سمیت کسی سے لڑائی نہیں چاہتی۔

نواز شریف نے غلطی پر معافی مانگی

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں کبھی کوئی دوست، کبھی مخالف ہوتا ہے، میں نے نوازشریف سے کہا تھا کہ اتنا لڑو کہ آئندہ ساتھ بیٹھنا پڑے تو شرمندگی نہ ہو، نوازشریف سپریم کورٹ گئے، استعفوں کا مطالبہ کیا، بعد میں نوازشریف نے اپنی غلطی پر معافی بھی مانگی۔

چینی کی قیمت، تنقید کس پر ؟

رہنما پیپلزپارٹی نے سوال اٹھایا کہ چینی کی قیمت میں اضافے پر تنقید کس پر ہورہی ہے، یہ تنقید نوید قمر پر ہے یا شہبازشریف پر، نوید قمر کو تنقید کا جواب نہیں دینا چاہیےتھا، یہ مسائل پاکستان کے ہیں، کسی ایک سیاسی جماعت کے نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے سمجھداری سے اپنی مدت پوری کی، پیپلزپارٹی نے شہبازشریف کی بھرپور مدد کی، کئی بار مسائل ہوئے، آصف زرداری نے اتحاد قائم رکھا۔

جمہوریت کو بحال ہونا چاہیے

الیکشن کے حوالے سے خورشید شاہ نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر سے مسائل میں اضافہ ہوگا، جنوری میں بھی انتخابات ہو جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں، ہر صورت ملک میں جمہوریت کو بحال ہونا چاہیے، امید رکھنی چاہیے کہ انتخابات بر وقت ہوں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ 11 اگست کو اسمبلی اس لئے تحلیل کی کہ 90 دن میں الیکشن ہوں، حلقہ بندیاں ایک ماہ میں مکمل کیوں نہیں ہوسکتیں، جتنی جلدی ہوسکے انتخابات کرائے جائیں، مستقبل میں اس سے زیادہ بڑے مسائل آئیں گے۔

جنوبی پنجاب صوبہ

انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پیپلزپارٹی سب سے بڑی جماعت ثابت ہوگی، جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے دعوے کہاں گئے، پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی کوشش کی، لیکن اس حوالے سے ن لیگ نے مدد نہیں کی، جنوبی پنجاب کے عوام کو اب بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں جمہوریت ہمیشہ ہٹ لسٹ پر رہی ہے، ضیاء الحق نے سب سے زیادہ جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔

Pakistan Politics

Pakistan People's Party (PPP)

general elections 2023

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)