Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

سائفر کیس: پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

اسد عمر کو 50 ہزار مچلکے جمع کرانے کا حکم
اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2023 02:03pm

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نےعدالت کو آگاہ کیا کہ انہیں اسدعمر کی گرفتاری ابھی نہیں چاہئے، جس پر خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔

اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں سائفر کیس میں نامزد چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی اور اسدعمر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اسپیشل پروسیکیوٹر ذوالفقارنقوی خصوصی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہوئی تو ایف آئی اے پراسیکیوٹرز نے سماعت ملتوی کرنےکی استدعا کردی، اور مؤقف پیش کیا کہ ہم نے سپریم کورٹ جانا ہے، سماعت میں وقفہ کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب یہ لوگ مصروف ہوتے ہیں تو ہم عدالت میں موجود ہوتے ہیں، اور جب یہ فری ہوں گے تو اس وقت ہم ہائیکورٹ میں مصروف ہوں گے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ پروسیکویشن فری ہوگی تو جوڈیشل کمپلیکس پہنچ جائےگی۔

عدالت نے پروسیکیوٹر ذوالفقار کی سماعت میں وقفے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی وکلا کو درخواست ضمانت پر دلائل دینے کی ہدایت جاری کردی، اور ضمانتوں کی درخواستوں پر دلائل کیلئے 10بج کر 15 منٹ کا وقت مقرر کردیا۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے نے آج اگر دلائل نہ بھی دیئے تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کردوں گا، آج ہر صورت اس کیس کا فیصلہ کرنا ہے۔

پراسیکوشن ذوالفقار نقوی نے عدالت سے کہا کہ ملزم شامل تفتیش ہوتے ہیں، تفتیشی کسی کے پیچھے نہیں جاتے، یہ ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے، اگر یہ شامل تفتیش ہوتے تو ہوسکتا ہے یہ گناہ گار قرار دئیے جاتے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پراسیکوشن سے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کے پاس موقع تھا تو آپ نے یہ کیوں نہیں کیا، ایف آئی آر میں تو ان کا نام بھی واضح نہیں ہے، اسدعمر کی ضمانت کو الگ اور باقی 2 کا الگ فیصلہ کرنا ہے۔

کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر نےعدالت کو آگاہ کیا کہ انہیں اسدعمر کی گرفتاری ابھی نہیں چاہئے، ابھی ان کے خلاف کوئی ناقابل تردید شواہد موجود نہیں۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر کے بیان پر خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں نامزد پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کی ضمانت منظور کرلی۔

جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اسد عمر کی ضمانت 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی تک یہ ہی سمجھ نہیں آیا کہ مجھ پر الزام کیا ہے۔

صحافی نے اسدعمر سے سوال کیا کہ جلسے میں اصلی سائفر تھا یا نقلی؟۔ جس پر اسد عمر نے کہا اس کا جواب تو وزیراعظم ہی دے سکتےہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ گواہ تو نہیں بننے والے۔ جس پر اسدعمر نے برجستہ جواب دیا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

pti

imran khan

Asad Umer

Cypher

Cypher Investigations

Cypher case

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div