Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

’چیئرمین پی ٹی آئی کو سلو پوائزن دیا جارہا ہے‘

ہمیں عمران خان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں، لطیف کھوسہ
شائع 09 اکتوبر 2023 02:03pm
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سلو پوائزن دیا جارہا ہے، ہمیں ان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، ہمیں ان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں، انہیں سلو پوائزن دیا جارہا ہے۔

وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حوالے سے ریکارڈ طلب کر رکھا ہے، اور کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کی ضمانت دی جائے۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ سائفرکیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنے پر شرم آنی چاہیے، یہ 25 کروڑ عوام کی ناموس کا مسئلہ ہے، ڈونلڈ لو کی ایک دھمکی پر ملک کے وزیراعظم کو چلتا کیا گیا، یہ کس چیز پر فرد جرم لگائیں گے۔

لطیف کھوسہ نے سوال اٹھایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جرم کیا کیا ہے، کیا یہ آفیشنل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، یہ ایکٹ تاج برطانیہ نے غلام رکھنے کے لیے بنائے کیا، ہم نے برطانیہ کی غلامی سے نکل کر امریکا کی گود میں چلے جانا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

واضح رہے کہ آج خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سائفر کیس میں چئیرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 17 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ سائفر کیس کی سماعت سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اڈیالہ جیل میں ہوئی، خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔

چئیرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، دونوں ملزمان لیگل ٹیم کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود رہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے عمران خان کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کا فیصلہ چیلنج کردی

ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم، پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی، چئیرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر، شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین بھی اڈیالہ جیل میں موجود تھے۔

کیس کی سماعت شروع ہوئی تو پی ٹی آئی کے وکلاء نے عدالت سے سماعت سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنےتک سماعت نہ کرنے کی استدعا کردی۔

مزید پڑھیں: توشہ خانہ فوجداری کارروائی کا فیصلہ معطل قراردینے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی میں چلان کی نقول تقسیم کی گئیں۔ جس کے بعد خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا، اور فرد جرم عائد کرنے کیلئے 17 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 17 اکتوبر فرد جرم کے ساتھ تمام سرکاری گواہان کی طلبی ہوگی

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div