Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

غزہ کے اسپتال سے بی بی سی کے صحافی کی دل دہلا دینے والی رپورٹ

اس وقت اسپتال لاشوں سے بھرچکے ہیں اور میں بالکل بے بس ہوں، رپورٹر کا بیان
شائع 13 اکتوبر 2023 05:45pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

غیر ملکی صحافی عدنان البرش نے بتایا ہے کہ اس وقت غزہ کے اسپتال لاشوں سے بھرچکے ہیں اور مزید لاشیں رکھنے کی جگہ نہیں، یہ سب دیکھ کر میں بالکل بے بس ہوں۔

برطانوی نشریاتی ادارے (BBC) کے رپورٹر عدنان البرش نے اپنی رپورٹ میں غزہ کی موجودہ دل دہلا دینے والی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے، جس میں اس نے اپنی بے بسی کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹر نے اسپتال کے اندر جاکر بتایا کہ میں بی بی سی کا رپورٹر اور غزہ کا رہائشی ہوں، آج میرے کیریئر کا مشکل ترین دن ہے کیوں کہ جس اسپتال میں موجود ہوں یہ ہمارا مقامی اسپتال ہے، اور اس میں میرے دوست، پروسی اورکمیونیٹی کے لوگ موجود ہیں۔

رپورٹر نے کہا کہ اس وقت بھی یہاں دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں، اوراسپتال میں اس وقت قیامت کے مناظر ہیں، اس وقت اسپتال لاشوں سے بھرچکے ہیں، اور لاشیں رکھنے کی جگہ نہیں ہے، لاشوں کو زمین پر رکھنا پڑ رہا ہے۔

عدنان البرش نے بتایا کہ دوران کوریج میرے کیمرہ مین محمود نے اپنے دوست کو دیکھا، اس کا دوست زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے، مگر اس کے اہلخانہ نہ بچ سکے۔

رپورٹر کا کہنا تھا کہ ایک ننھی بچی کا گھر تباہ ہوگیا اور اس کے تمام اہلخانہ بھی مارے گئے، اس کو مدد کی ضرورت ہے، میری بیٹی بھی اسی عمر کی ہے، میں اس کی مدد کرنا چاہتا ہوں، لیکن بالکل بے بس ہوں، ہم سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ہورہا ہے۔

عدنان البرش نے بتایا کہ یہ خاتون اپنے شہید پیاروں کے پاس بیٹھی ہے، اور بتارہی ہے کہ جس وقت بمباری ہوئی ہم اپنے گھر میں سورہے تھے، حملہ آوروں کو روکنے والا کوئی نہیں تھا، وہ رہائشی عمارت تھی، جس میں 120 سے زائد افراد مقیم تھے۔

رپورٹر نے اپنے آخری جملوں میں کہا کہ جو کچھ میں نے دیکھا وہ بیان نہیں کرسکا، میں بالکل بے بس ہوں، کچھ چاہ کر بھی لوگوں کی مدد نہیں کرسکتا، اسپتال میں موجود زخمی سخت تکلیف میں ہیں۔

israeli air strikes

Hamas Israel attack 2023

Israeli Air Strike

ISRAEL PALESTINE TIMELINE