Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
20 Shawwal 1445  

پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر بھی سیاست، ن لیگ اور پی ٹی آئی کے ایک دوسرے پر الزامات

پی ٹی آئی نے شہباز شریف کے ویڈیو پیغام پر ردعمل جاری کردیا
شائع 04 نومبر 2023 11:36pm

گوادر، پسنی، میانوالی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت کے دلخراش واقعات پر بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) نے ایک دوسرے کے خلاف محاذ کھولا ہوا ہے۔

ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے واقعات پر پی ٹی آئی کو بنا نام لیے نشانہ بنایا۔

انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ایک ایسے وقت میں جب دہشتگردوں نے پسنی، گوادر، میانوالی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستانی فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو شہید کیا ہے اور ان کی شہادت پر ہر پاکستانی خون کے آنسو رو رہا ہے، نو مئی واقعات کے سرغنہ نے پاکستان کے عظیم جوانوں، غازیوں اور شہداء کا مذاق اڑایا اور اب یہ جو واقعات رونما ہوئے ہیں یہ ناصرف انتہائی قابل مذمت ہیں بلکہ نو مئی کے مکروہ چہرے دوبارہ وہی زبان استعمال کر رہے ہیں جو کہ ماضی میں را کے اجنٹس نے ہمیشہ استعمال کی ہے‘۔

مزید پڑھیں: گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشتگردوں کا حملہ، 14 فوجی جوان شہید

شہباز شریف نے کہا کہ ’یہ کتنی ستم ظریفی ہے نو مئی کے مکروہ چہرے اور را کے ایجنٹس آج ایک ہی زبان میں بات کر رہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں سمجھتا ہوں اس موقع پر پوری قوم کو ناصرف اپنے عظیم جوانوں کو سلام پیش کرنا چاہیے، بلکہ شہداء کے رتبوں کو بلند کرنے کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنی چاہیے‘۔

شہباز شریف کے ویڈیو پیغام کے جواب میں پی ٹی آئی کی جانب سے جوابی پیغام جاری کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی نے شہباز شریف کے پیغام کو ’شہداء کو نفرت انگیز جھوٹے پراپیگنڈے کا ذریعہ بنانے کی شرمناک کوشش‘ قرار دیا۔

پسوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری پیغام میں پاکستان تحریک انصاف نے ’شہبازشریف کی جانب سے گوادر سمیت مختلف دہشت گرد حملوں میں جامِ شہادت نوش کرنے والے شہیدوں کو اپنی گھٹیا سیاست کا ذریعہ بنانے کی شدید مذمت‘ کی۔

پی ٹی آئی نے لکھا، ’شہباز شریف قومی مجرم ہے، اس کی جانب سے شہداء کو اپنی نفرت اور تقسم کی سیاست کا ذریعہ بنانا شرمناک ہے‘۔

پی ٹی آئی نے مزید لکھا کہ ’مختلف واقعات میں دہشت گردوں کا نہایت جرات اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جوانوں کی شہادتوں پر پوری قوم سوگوار ہے، شہداء کے اہلِ خانہ کا دکھ بانٹنے کی بجائے ان کی قربانیوں کو اپنے سیاسی اہداف کی نذر کرنے کی کوشش کرنا شہداء کی قربانیوں کی توہین اور نہایت مجرمانہ فعل ہے‘۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: 3 مختلف واقعات میں خودکش بمبار سمیت 2 دہشتگرد ہلاک، 3 جوان شہید

پی ٹی آئی نے ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’کشمیریوں کے قاتل مودی کو اپنی خاندانی تقریبات میں مدعو کرنے، حریت قیادت کو نظرانداز کرنے اور دنیا بھر میں فوج پر کیچڑ اچھالنے والوں کی جانب سے جھوٹی الزام تراشی شرمناک ہے، دہشت گرد قوم میں نفاق اور تقسیم چاہتے ہیں، شہباز شریف جیسے کردار ان دہشتگردوں کی سٹریٹیجیک معاونت میں مصروف ہیں‘۔

پی ٹی آئی نے لکھا کہ ’شہباز شریف جانتے ہیں قوم اور ریاستی ادارے یکجا ہوگئے تو انہیں اپنی سیاست کے مردے کو باقاعدہ زمین میں دفن کرنا پڑے گا، قوم کو تقسیم کرنے کی کوششیں قابلِ مذمت ہیں اور شہباز شریف جان لے کہ اس کی یہ مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی‘۔

pti

Shehbaz Sharif

pakistan army

terrorist attacks

9 May

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div