Aaj News

منگل, اپريل 30, 2024  
21 Shawwal 1445  

کسی جماعت نے اپنے منشور کی تکمیل کیلئے پیپلز پارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں، آصف زرداری

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کے خاتمے کیلئے کوششیں کیں، سابق صدر
شائع 08 دسمبر 2023 10:07pm

سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کسی جماعت نے اپنے منشور کی تکمیل کیلئے پیپلز پارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کے خاتمے کے لیے کوششیں کیں، مسلسل آگے کی جانب سفر کیا اور اپنے تجربات سے سیکھا ہے، شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانا ہوگا، خوراک، تعلیم اور صحت جیسے اہم محکموں کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہے۔

اپنے ایک بیان میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ برسوں میں ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کے خاتمے کے لیے کوششیں کی ہیں، اپنے قیام کے آغاز سے ہی اس کے بانی انقلابی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کا ”روٹی کپڑا اور مکان“ کا نعرہ پیپلز پارٹی کی بنیادی اقدار اور اخلاقیات سے لازم و ملزوم ہے، جس کی تکمیل کے لیے پارٹی نے ان گنت قربانیاں دی ہیں اور اس کی بنیاد میں شہداء کا خون بھی شامل ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جدید دنیا کی تاریخ میں کسی جماعت نے اپنے منشور کی تکمیل کے لیے پیپلز پارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے مسلسل آگے کیجانب سفر کیا اور اپنے تجربات سے سیکھا ہے، اس طرح ہم ایک نئے جوش اور فرض کے احساس کے ساتھ پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر نے یہ بھی کہا کہ آنے والے سالوں میں بحالی کے لیے ہم نے جن اہم شعبوں پر روشنی ڈالی ہے وہ درج ذیل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے خوراک، تعلیم اور صحت جیسے اہم محکموں کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہے کیونکہ یہ محکمے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری خدمات فراہم کرتے ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ انسداد ہراسگی قوانین کو مزید مضبوط اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے تا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو بغیر کسی خوف اور تعصب کے کام کرنے کی اجازت اور موقع میسر ہو سکے، پیپلز پارٹی ہمیشہ سے خواتین کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور اسی جماعت نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صورت میں اسلامی دنیا کو پہلی خاتون وزیر اعظم سے بھی نوازا۔

آصف زرداری سے میر شفیق الرحمان مینگل کی ملاقات

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے میر شفیق الرحمان مینگل نے ملاقات کی جبکہ میر حمود الرحمان مینگل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک سمیت بلوچستان کے موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

مزید پڑھیں

سابق صدر آصف زرداری سے ایرانی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق

بلاول بھٹو زرداری نے عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کردی

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور دیگر رہنما پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے

صدر آصف علی زرداری کی جانب سے میر شفیق الرحمان مینگل کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔

میر شفیق الرحمان مینگل نے سابق صدر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے کہا کہ پی پی میں شمولیت کے حوالے سے اپنے تمام ساتھیوں سے مشاورت کرکے کہ حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

آصف زرداری لاہور سے اسلام آباد روانہ

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے 8 روز لاہور میں قیام کیا، لاہور میں قیام کے دوران مختلف سیاسی شخصیات نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت اختیار کی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی 11 دسمبر کو لاہور آمد متوقع ہے، بلاول بھٹو 12 دسمبر کو گوجرانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔

Asif Ali Zardari

اسلام آباد

PPP

Asif Zardari

Pakistan People's Party (PPP)

pakistan peoples party parliamentarians

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div