Aaj News

ہفتہ, ستمبر 14, 2024  
09 Rabi ul Awal 1446  

کراچی کے بعد لاہور کے تاجروں کا بھی الیکشن میں التوا کا مشورہ

قوم کو الیکشن نہیں سستی بجلی، پٹرول اور سستا آٹا چاہیے، صدر انجمن تاجران مجاہد بٹ
شائع 14 دسمبر 2023 07:19pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

کراچی کے بعد لاہور کے تاجروں نے بھی الیکشن میں التوا کا مشورہ دے دیا۔

صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ جس میں لاہور کی مختلف مارکیٹوں کے صدور نے شرکت کی۔

اجلاس میں تاجر برادری کو درپیش مسائل اور ملکی معیشت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاجر برادری نے اسٹاک ایکسچینج کے بلند ترین سطح پر پہنچنے کا خیر مقدم کیا۔

صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے کہا کہ آرمی چیف اور نگران حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قوم کو الیکشن نہیں سستی بجلی، سستا پٹرول اور سستا آٹا چاہیے، قوم کو الیکشن نہیں آئی ایم ایف سے نجات چاہیے۔

واضح رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ گزشتہ دنوں کراچی گئے تھے۔ جہاں انھوں نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا دورہ کیا تھا جبکہ کراچی کے تاجروں نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی۔

ذرائع کے مطابق حالیہ دورہ کراچی کے موقع پر سندھ کلب میں کراچی کے تاجروں کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک تاجر نے انوار الحق کاکڑ سے الیکشن نہ کرانے کا مطالبہ کیا تھا، تاجر نے مطالبہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ہمارے جذبات کو دیگر اسٹیک ہولڈرز تک پہنچایا جائے۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر نگران وزیراعظم نے تاجرکو جواب دیا تھا کہ وہ آئین پر عمل کریں گے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ زیادہ تاجروں کی جانب سے الیکشن نہ کروانے کے مطالبےکی بات درست نہیں ہے۔

economic crisis

businessmen

Election 2024