Aaj News

منگل, مئ 21, 2024  
13 Dhul-Qadah 1445  

امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی نے ’ثبوت‘ جمع کرادیئے

لاہور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا
اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2023 02:43pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف نے رہنماؤں سے کاغذات نامزدگی چھینے جانے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن میں ثبوتوں کے ساتھ درخواست دائر کردی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایک گھنٹے میں ڈی پی او میانوالی سے رپورٹ طلب کرلی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کاغذات نامزدگی چھیننے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ لاء افسر صاحب یہ کیا مذاق ہو رہا ہے؟

لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر سے کاغذات نامزدگی چھیننے کے واقعات کا ذکر کیا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ الیکشن لڑنے سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے، عدالت کاغذات نامزدگی چھیننے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے اور تمام رہنماؤں کو ہراساں کرنے سے روکے۔

لاہور ہائیکورٹ کے بعد ‏کاغذاتِ نامزدگی کے حوالے سے امیدواروں کو ہراساں کرنے اور لیول پلینگ فیلڈ مہیا نہ ہونے پر تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کرلیا۔

تحریک انصاف کے شعیب شاہین نے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دائر کر دی۔

ذرائع کے مطابق کمیشن میں تحریری درخواست اور شواہد جمع کرائے گئے۔

قبل ازیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امیدواروں سے کاغذات چھیننے اور لیول پلئینگ فیلڈ نہ ملنے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تحریک انصاف کی جانب الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان کے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما عمیر نیازی کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ ان سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں۔

عمیر نیازی کے والد کا کہنا تھا کہ انہوں نے میانوالی کے حلقے سے اپنے اور اپنے بیٹے کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کیے تھے جو مقامی ڈی ایس پی نے چھین لیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی شاہ محمود قریشی کے سیکریٹری سے کاعذات چھیننے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کا وفد آج الیکشن کمیشن جائے گا اور تحریری درخواست شواہد کے ساتھ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی جائے گی۔

رہنما پی ٹی آئی اور وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی کےحصول میں مشکلات پیش آرہی ہیں، ن لیگ چاہتی ہے ان کیخلاف کوئی الیکشن نہ لڑے، بنی پی ٹی آئی انتخابات میں حصہ لیں گے، ان کوکوئی روک سکتا ہے تو روک کر دکھائے۔

پی ٹی آئی کے رہنما تیمور جھگڑا نے آج نیوز کے پروگرام فیصلہ آپ کا میں بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ہاتھوں سے کاغذات نامزدگی چھینےجارہےہیں، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، خیبرپختونخوامیں ہمیں صرف ایک ایونٹ کرنےکی اجازت ملی، ہمارےایونٹ میں بھی پولیس آگئی۔

pti

pti leaders