Aaj News

پیر, مئ 13, 2024  
04 Dhul-Qadah 1445  

بلوچستان میں ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعوی جھوٹ ثابت

مچھ حملے میں کسی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا، جان اچکزئی
اپ ڈیٹ 30 جنوری 2024 06:16pm
ستمبر 2023 میں پاکستان  نیوی کا سی کنگ ہیلی کاپٹر مکینیکل خرابی کے باعث گوادر میں گر کر تباہ ہوا۔ فوٹو ۔۔اسکرین گریب
ستمبر 2023 میں پاکستان نیوی کا سی کنگ ہیلی کاپٹر مکینیکل خرابی کے باعث گوادر میں گر کر تباہ ہوا۔ فوٹو ۔۔اسکرین گریب

بلوچستان میں ہیلی کاپٹر مار گرانے کے دعوی جھوٹ ثابت ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر ستمبر 2023 میں فنی خرابی کے باعث گرنے والے ہیلی کاپٹر کی ویڈیو پوسٹ کرکے جھوٹی خبر دی گئی۔ اس سے پہلے نگران صوبائی وزیر جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ مچھ حملے میں کسی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا۔

ضلع بولان کے علاقے مچھ میں سکیورٹی فورسز نے پیر اور منگل کی درمیانی شب کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو پسپا کر دیا تھا۔

حملے کی ذمہ داری بھارتی اسپانسرڈ کالعدم تنظیم بی ایل اے نے فوری قبول کی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ پسپا کیا۔

جب مچھ حملہ جاری تھا تو را سے جڑے اکاؤنٹس نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا شروع کیا۔ ان اکاؤنٹس نے سب سے پہلے حملے کی خبر جاری کی۔ یہ واضح ثبوت ہے کہ ان بھارتی اکاؤنٹس کے پاس حملے کی اطلاع پہلے سے تھی۔

اس کے علاوہ ہیلی کاپٹر گرانے کے دعوے بھی سامنے آئے لیکن اس میں کوئی حقیقت نہیں تھی کیونکہ سوشل میڈیا پر ہیلی کاپٹر کی وائر ویڈیو گزشتہ سال ستمبر کی تھی۔

ایک ”ایکس“ صارف بابر بنارس نے ہیلی کاپٹر کی (پرانی ) ویڈیو شیئر کرکے دعویٰ کیا تھا کہ بولان میں بی ایل اے جنگجوؤں نے پاک فوج کا گن شپ ہیلی کاپٹر مار گرایا۔

لیکن ایگل آئی کے ٹوئیٹ سے حقیقت سامنے آگئی اور جھوٹے دعوے دم توڑ گئے۔ کیونکہ پوسٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہیلی کاپٹر گرنے کا یہ واقعہ تازہ نہیں بلکہ 4 ستمبر 2023 کا ہے اور اسے بھارتی میڈیا ”این ڈی ٹی وی“ نے شائع کیا تھا، اور خبر لگائی تھی کہ پاکستان نیوی کا ہیلی کاپٹر گوادر کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے بھی ”ایگل آئی“ کی حقائق پر مبنی ٹوئیٹ کو ری ٹوئیٹ کیا۔

یاد رہے کہ ستمبر 2023 میں پاکستان نیوی کا سی کنگ ہیلی کاپٹر مکینیکل خرابی کے باعث گوادر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا۔

مچھ میں پیراور منگل کی درمیانی شب پیش آنے والے واقعے سے متعلق نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے منگل کی سہ پہر ایک اپ ڈیٹ میں بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بدستور جاری ہے جب کہ 7 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

جان اچکزئی نے کہا کہ دہشت گردوں کے ہینڈلرز نے بھی اپنے چار لوگ مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پروپیگنڈے کے باوجود دہشت گردوں کو کوئی ثمر آور نتائج نہیں ملے اور دہشت گردوں کو ان کے را کے ہینڈلرز نے پسپائی کا مشورہ دیا لیکن پاکستانی فورسز ان کا پیچھا جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بلوچستان

security forces operation

Balochistan law and order situation

Jan Achakzai

Mach Attack

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div