Aaj News

جمعرات, مئ 09, 2024  
30 Shawwal 1445  

ٹوبیکو مینوفیکچرنگ کمپنی کی چیف جسٹس آزاد کشمیر سے فیکٹری ڈی سیل کرنے کی اپیل

سالانہ اربوں روپے ٹیکس دینے کے باوجود ولٹن ٹوبیکو کمپنی کا استحصال ختم کیا جائے، ملازمین
شائع 16 اپريل 2024 07:03pm

والٹن ٹوبیکو کمپنی کے سینکڑوں ملازمین اور رہنما لیکسن ٹوبیکو کمپنی میرپور آزاد کشمیر نے چیف جسٹس آزاد کشمیر سے استدعا کی ہے کہ بغیر کسی نوٹس فیکٹری بند کیے جانے کی وجہ سے 400 سے زائد ملازمین بے روزگار ہوگئے ہیں۔

والٹن سگریٹ ساز کمپنی کے ملازمین نے چیف جسٹس آزاد کشمیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کیا جائے اور فوری انصاف مہیا کیا جائے۔

ترجمان والٹن ٹوبیکو کمپنی عارف ضیا نے اس حوالے سے بتایا کہ انہیں آزاد کشمیر انتظامیہ کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سگریٹ ساز کمپنی آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والی کمپنی ہے جو ہر ماہ 240 ملین روپے ٹیکس کی مد میں قومی خزانے میں جمع کرواتی ہے۔

عارف ضیا نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں میڈیا کو آگاہ کیا کہ ان کی کمپنی پر غیر قانونی ریڈ کی گئی اور کمپنی کو سیل کر کے تمام پراڈکٹس قبضے میں لے لی گئیں۔

والٹن ٹوبیکو کمپنی کے ترجمان عارف ضیا اور دیگر ورکرز رہنما محمد علی اور عمر احمد نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کا رویہ سگریٹ ساز کمپنی کے ساتھ استحصال پر مبنی ہے، سالانہ اربوں روپے ٹیکس ادا کرنے والی ہماری فیکٹری پر انتہائی متعصبانہ انداز میں چھاپہ مارا گیا اور سیل کیا گیا، مفروضوں کی بنیاد پر ہمارے مالکان کو چور ثابت کیا گیا جو ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان عوامل کے سبب آزاد کشمیر میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

والٹن ٹوبیکو کمپنی کے ملازمین و رہنماؤں نے میرپور چترپڑی میں فیکٹری کے باہر راولپنڈی روڈ پر ملازمین کے ایک بڑے ہڑتالی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والٹن ٹوبیکو کمپنی ریاست کی سب سے بڑی ٹیکس دہندہ کمپنی ہے، حکومت فی الفور فیکٹری کو کھولنے کے احکامات جاری کرے، بصورت دیگر ملازمین احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے اور راولپنڈی، کوٹلی، ڈیفنس روڈ پر دھرنا دیں گے، کیونکہ ہم اب مزید بچوں کی خوشیوں کا اور اپنا معاشی قتل برداشت نہیں کر سکتے۔

ترجمان والٹن ٹوبیکو کمپنی عارف ضیا نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت پہلے بازاروں سے غیرقانونی طور پر فروخت ہونے والے سگرٹس پر کریک ڈاؤن کرے۔ ٹوبیکو کمپنی مالکان ٹیکسز ادا کرکے کاروبار کر رہے ہیں اور سینکڑوں گھرانوں کے چولہے والٹن ٹوبیکو کمپنی کی بدولت چل رہے ہیں، عید کے موقع پر فیکٹری کی بندش سے ہم عید کی خوشیوں سے محروم رہے جو ہمارے اور ہمارے خاندانوں کا معاشی استحصال کے مترادف ہے۔

cigarettes

Tax on Cigarettes

cigarettes tax

Cigarette Brands

Walton Tobacco Manufacturing

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div