Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

کراچی کی سڑکیں کھلنا شروع

ٹریفک پلان اپ ڈیٹ ہونے کے بعد مزید روڈ بند کردیئے گئے
اپ ڈیٹ 23 اپريل 2024 09:51pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں بند سڑکیں رفتہ رفتہ کھلنی شروع ہوگئی ہیں، ایم اے جناح روڈ سے کنٹینر ہٹا دئے گئے ہیں، ٹریفک پولیس کی جانب سے سڑکیں سات بجے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن سڑکیں پونے دس بجے کے قریب کھلنی شروع ہوئیں۔ دوسری جانب پی ٹی اے نے بھی موبائل سروس کے حوالے سے بری خبر سناتے ہوئے کہا ہے کہ صبح سے پہلے سروس بحال نہیں ہوگی۔

کراچی میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کے موقع پر ٹریفک پلان تبدیل کرتے ہوئے مزید سڑکیں بند کردی گئی تھیں۔

تین بجے بند ہونے والی سڑکیں رات پونے دس بجے کے قریب کھلنا شروع ہوئیں، کینٹ سے صدر آنے والا انڈر پاس کھل گیا جب کہ شارع فیصل پر بلوچ کالونی پل کھول بھی دیا گیا، تاہم ٓ، اطراف کی سڑکیں اب بھی بند ہیں جس کے باعث عوام کو تکلیف کا سامنا ہے۔

شارع فیصل آج سہ پہر تین بجے سے بند ہے، اسی طرح ائیرپورٹ سے پی آئی ڈی سی تک سڑک مکمل بند رہی۔

ایم اے جناح روڈ کے دونوں ٹریکس بھی گرومندر سے گارڈن چوک تک تین بجے سے ہی بند رہیں، شارع قائدین، ڈاکٹر ضیا الدین روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند رہا۔

ایم اے جناح روڈ سے صدر کی طرف جانے والے روڈ پر کنٹینر لگائے گئے، شاہراہ قائدین سے نمائش جانے والا روڈ بھی بند کردیا گیا، پیپلزسیکریٹریٹ چورنگی کے اطراف کنٹینر رکھ دیے گئے تھے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایت کی تھی کہ شہری متبادل راستے اختیار کریں۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے اعلان کیا تھا کہ یہ سڑکیں 7 بجے تک بند رہیں گی تاہم اعلان کے باوجود شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ سمیت دیگر سڑکیں تاحال بند ہیں۔

شہر میں مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے زیادہ ہوگئے لیکن سڑکیں تاحال نہیں کھلیں۔

اس سے پہلے حکام نے موون پک ہوٹل سے میٹروپول اور ضیا الدین روڈ سے پی آئی ڈی سی اور پی آئی ڈی سی سے شاہیں کمپلیکس کے پاس کجھور چوک تک راستہ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایرانی صدر کی آمد پر سخت سیکورٹی کے سبب ریلوے نے ٹرینوں کے ڈرگ روڈ اور لانڈھی اسٹیشنوں پر مختصر اسٹاپ کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی صدر اور ان کی اہلیہ کراچی پہنچنے کے بعد کراچی یونیورسٹی جائیں گے جہاں انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔

ٹریفک پولیس کی ہدایات

دفتر ڈپٹی انسپیکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک کراچی نے گزشتہ روز پبلک نوٹس میں کہا کہ عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ مورخہ 23 اپریل 2024 بروز منگل كو سہہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ذیل سڑکیں ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔

1- شاہراہ فیصل دونوں روڈ ایئرپورٹ سے پی آئی ڈی سی تک ٹریفک کے لیےمکمل بند ہوں گے۔

2۔ ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ(ضیاء الدین برج/ للی برج) للی لائٹ سگنل سے جانب شاہین کمپلیکس کھجور چوک تک آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیےبند ہوں گے۔

3۔ شاہراہ قائدین گرو مندر سے لے کر شارہ فیصل تک دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے مکمل بند ہوں گے۔

4۔ ایم اے جناح روڈ ، گرو مندر سے لے کر گارڈن چوک تک (اماں ٹاور) دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے مکمل بند ہوں گے۔

متبادل راستے

برائے ایئرپورٹ و ملیر نیشنل ہائی وے( آنے اور جانے والوں کے لیے) وہ مسافر حضرات جو ڈیفنس کلفٹن سے ایئرپورٹ کی طرف جانا چاہتے ہیں وہ ڈیفنس کلفٹن سے براستہ قیوم آباد برج (امتیاز اسٹور) سے ہوتے ہوئے کورنگی انڈسٹریل ایریا، بروکس چورنگی، سنگر چورنگی، مرتضی چورنگی، داؤد چورنگی سے بائیں جانب مڑتے ہوئے قائد آباد سے پھر بائیں جانب ہوتے ہوئے مین نیشنل ہائی وے سے ملیر ہالٹ مادام اپارٹمنٹس سے ہوتے ہوئے جناح ٹرمینل جناح ایئرپورٹ جا سکتے ہیں۔

وہ مسافر حضرات جوآ ئی آئی چندریگڑ روڈ، ٹاور کیماڑی ویسٹ سے ایئرپورٹ جانا چاہتے ہیں وہ براستہ ماڑی پور روڈ، لیاری ایکسپریس وے، کواستعمال کرتے ہوئے سہراب گوٹھ سے ہوتے ہوئے براستہ سپر ہائی وے ملیر کینٹ چھ نمبر چیک پوسٹ و ماڈل کالونی قبرستان سے ہوتے ہوئے جناح ٹرمینل و ایئرپورٹ جا سکتے ہیں۔

وہ مسافر حضرات جو ایئرپورٹ سے سینٹرل ویسٹ اور صدر جانا چاہتے ہیں وہ جناح آؤٹ سگنل سے بائیں جانب مڑتے ہوئے ماڈل کالونی قبرستان سے بائیں جانب اور پھر بائیں جانب سے مڑتے ہوئے جناح ایوینیو سے گیٹ نمبر چھ براستہ صفورہ چورنگی اپنی منزل مقصود تک جا سکتے ہیں۔

برائے جناح اسپتال ( کارڈیو) و کینٹ اسٹیشن

جناح اسپتال، کارڈیو (این آئی سی وی ڈی) جانے والے حضرات ڈیفنس قیوم آباد فلائی اوور کورنگی انڈسٹریل ایریا سے چوہری خلیق الزماں روڈ للی لائٹ سگنل کینٹ اسٹیشن سے ہوتے ہوئے جناح ہسپتال جا سکتے ہیں۔

کورنگی سے آنے والے حضرات کورنگی روڈ کالا پل سے بائیں جانب مڑتے ہوئے نیوی ہائٹس مزار سے ہوتے ہوئے جناح ہسپتال و کینٹ اسٹیشن جا سکتے ہیں۔

ضلع سینٹرل اور ویسٹ سے آنے والے حضرات براستہ ماڑی پور، کوینز روڈ، مائی کلاچی روڈ، بورڈ بیسن، سب مرین انڈر پاس سے بائیں جانب مڑتے ہوئے چوہری خلیق الزماں روڈ بچہ پارٹی للی لائٹ سگنل سے دائیں جانب مڑتے ہوئے جناح ہسپتال و کینٹ اسٹیشن جا سکتے ہیں۔

برائے صدر

گرو مندر سے نمائش جانے والے روڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگا لہذا بزنس ریکارڈر روڈ کی جانب لسبیلہ چوک سے بائیں جانب مڑتے ہوئے نشتر روڈ سے البیلا سگنل لو لائن (مزار سگنل) سے رام سوامی سے بائیں جانب مڑتے ہوئے سول اسپتال وٹاور کی طرف جا سکتے ہیں۔

وہ حضرات جو جامع کلاتھ سے نمائش جانا چاہتے ہیں وہ متبادل راستہ عید گاہ چوک سے گارڈن چوک (گل پلازہ) سے بائیں جانب مڑتے ہوئے آغا خان سوئم روڈ مکی مسجد اور چڑیا گھر سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک جا سکتے ہیں۔

مسافر حضرات سے گزارش ہے کہ زحمت و پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کریں مزید پریشانی کی صورت میں ٹریفک ہیلپ لائن 1915پر رابطہ کریں جہاں ہمارے نمائندے ہمہ وقت شہریوں کی مدد کے لیے موجود ہیں۔

karachi

iranian president

Karachi Traffic Update

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div