Aaj News

پیر, جون 17, 2024  
10 Dhul-Hijjah 1445  

پشاور کے جنرل ایریا میں آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن سمیت 2 فوجی شہید، نماز جنازہ ادا

انٹیلی جنس آپریشن میں 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 26 مئ 2024 04:48pm
تصاویر بزریعہ آئی ایس پی آر
تصاویر بزریعہ آئی ایس پی آر

سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور کے جنرل علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 2 فوجی جوانوں نے شہادت کو گلے لگا لیا، اس دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے، رحیم یار خان کے رہائشی 25 سالہ کیپٹن حسین جہانگیر اور ایک اور کرک کے بہادر فرزند 36 سالہ حوالدار شفیق اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔

کیپٹن حسنین جہانگیر شہید نے 4 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کے لیے خدمات سر انجام دیں، انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

اسی طرح حوالدار شفیق اللہ شہید نے 18 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کیلئے خدمات سر انجام دیں اور سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ کی نمازہ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی ہے، نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت پاک فوج کےافسران اور سول حکام نے شرکت کی۔

شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیے گئے ہیں، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پررکھ کردہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن کیا، دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کر کے ہی دم کہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، ہم شہداء کو خراج عقیدت اورسلام پیش کرتے ہیں۔

وزیرداخلہ کا 2 جوانوں کو خراج عقیدت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے 2 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہداء وطن ہمارا مان ہیں اور قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، سیکیورٹی فورسز نے جرات کے ساتھ 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

ISPR

peshawar

Intelligence Based Operation (IBO)

Hasan Khel