Aaj News

ہفتہ, نومبر 09, 2024  
06 Jumada Al-Awwal 1446  

کابل میں زوردار خودکش دھماکہ، 6 افراد ہلاک 13 زخمی

دھماکا دارالامان کے جنوب مغربی علاقے میں ہوا
شائع 02 ستمبر 2024 08:59pm

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیر کو ایک زوردار دھماکہ ہوا ہے۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین نے خبر رساں ایجنسی ”روئٹرز“ کو بتایا کہ دھماکے کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھماکا دارالامان کے جنوب مغربی علاقے میں ہوا۔

تاہم، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ”اے ایف پی“ کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان خالد زادران نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں بتایا کہ آج دوپہر دھماکا خیز مواد سے بھری خودکش جیکٹ پہنے ایک شخص نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں بدقسمتی سے ایک خاتون سمیت چھ شہری جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قنی نے بھی کابل میں دھماکے اور اس میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

فوری طور پر کسی نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ دھماکا جنوبی کابل کے علاقے قلعہ بختیار میں ہوا اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

افغانستان میں 2021 میں طالبان کی جانب سے اقتدار سنبھالنے اور دو دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے کے بعد پرتشدد واقعات میں کمی آئی ہے۔

تاہم اسلامک اسٹیٹ خراسان کے نام سے مشہور کالعدم تنظیم داعش افغانستان میں سرگرم ہے اور وہ باقاعدگی سے شہریوں، غیر ملکیوں اور طالبان اہلکاروں کو بندوق اور بم حملوں سے نشانہ بناتا ہے۔

afghanistan

kabul blast

Darul Aman Road