Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Awwal 1446  

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا

پیٹرول، ہائی اسپیڈ، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی
اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2024 09:25pm

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 7 پیسے کمی کی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 247 روپے 3 پیسے ہوگئی ہے، جو کہ 249 روپے 10 پیسے تھی۔

نوٹفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے کمی کی گئی ہے، جس سے ڈیزل کی نئی قیمت 246 روپے 29 پیسے ہوگئی ہے جو کہ 249 روپے 15 پیسے تھی۔

لائٹ ڈیزل ایک روپے 3 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے، جس کے بعد لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 141.93 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 140 روپے 90 پیسے ہوگئی ہے۔

مٹی کا تیل 3 روپے 57 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت 158.47 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 154.90 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

یکم جون سے یکم اکتوبر تک پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21.23 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 18.67 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کے باوجود 15 ستمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ ستمبر میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد حالیہ دنوں میں اڑھائی ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں قیمت 72 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

ستمبر میں تیل کی قیمتوں میں 7 روپے کی کمی کی وجہ سے حکومت نے 15 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی۔

petrol price

petroleum prices