اسلام آباد میں تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے صحافی برادری کا احتجاج

وزیر اعظم کی ہدایت پر انفارمیشن منسٹری نے میڈیا ہاؤسز کو دو ارب روپے جاری کیے، لیکن اس کے باوجود ورکرز کو تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں، افضل بٹ
شائع 29 مارچ 2025 05:17pm

اسلام آباد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاج کیا، جس میں میڈیا ورکرز کی عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی اور پیکا ایکٹ کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔

پی ایف یو جے کے رہنما افضل بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج کا مقصد میڈیا ورکرز کو تنخواہ نہ ملنے کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ آج ہمارے میڈیا میں صحافیوں کو نہ جاب سیکیورٹی حاصل ہے اور نہ ہی زندگی کی ضمانت۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ورکرز کو تنخواہیں نہ دینا ان کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے، رمضان المبارک میں بھی صحافیوں کے حقوق کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔

افضل بٹ نے انکشاف کیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر انفارمیشن منسٹری نے میڈیا ہاؤسز کو دو ارب روپے جاری کیے، لیکن اس کے باوجود ورکرز کو تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ہم میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

پیکا ایکٹ کے خلاف بات کرتے ہوئے افضل بٹ نے کہا کہ یہ ایک کالا قانون ہے، جس کے ذریعے صحافیوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم اس کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

PFUJ Protest

Media Salaries

Journalists Kidnapping