کراچی: پیر آباد فرنٹیئر کالونی سے اغوا ہونے والی 10 سالہ بچی بازیاب
کراچی کے علاقے پیر آباد فرنٹیئر کالونی سے اغوا ہونے والی 10 سالہ بچی مریم کو عید گاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بازیاب کرالیا جب کہ بچی کو سیکیورٹی گارڈ کی نشاندہی پر بازیاب کرایا گیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچی گزشتہ جمعہ 28 نومبر کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی، جس کے بعد اس کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں بچی کے مالک مکان حیدر شاہ کو نامزد کیا گیا تھا۔
اتوار کی رات پولیس کو اطلاع ملی کہ سول اسپتال کا ایک سیکیورٹی گارڈ اپنے ساتھ ایک کمسن بچی کو لے گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او عید گاہ اور ٹیم نے کارروائی کرکے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں سیکیورٹی گارڈ نے انکشاف کیا کہ اس نے ایک لاوارث بچی کو رکشہ ڈرائیور کے حوالے کیا تھا۔
پولیس نے اس کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور اور اس کے والد کو بھی حراست میں لے لیا اور بچی کو بازیاب کروا لیا۔
ایس ایچ او عید گاہ کے مطابق بچی مختلف بیانات دے رہی ہے جب کہ زیر حراست افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس واقعے کے محرکات اور اصل ملزمان تک پہنچنے کے لیے تحقیقات میں مصروف ہے۔












