بھارتی ایئرپورٹس پر افراتفری: ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن کی سیکڑوں پروازیں منسوخ

ایئرلائن نے عندیہ دیا ہے کہ اس کی مکمل پروازیں 10 فروری تک بحال ہو جائیں گی، ایسوسی ایٹڈ پریس
شائع 05 دسمبر 2025 03:04pm

بھارت کے بڑے ایئرپورٹس پر جمعے کو شدید افراتفری دیکھنے میں آئی جب ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو کی پروازوں میں وسیع پیمانے پر تعطل اور منسوخی کے باعث مسافر مشکلات کا شکار رہے۔ یہ بحران عملے اور پائلٹس کے کام کے اوقات محدود کرنے سے متعلق نئی پابندیوں کے نفاذ کے بعد پیدا ہوا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ مطابق ایئرپورٹس پر سیکڑوں بھارتی مسافر فلائٹ منسوخی کے باعث مایوس نظر آئے، کچھ افراد انتظار میں فرش پر سوئے نظر آئے، کسٹمر سروس کاؤنٹرز کے سامنے طویل قطاروں میں کھڑے رہے اور ایئرلائن کی جانب سے واضح اطلاعات کے بغیر گھنٹوں انتظار کرتے رہے۔

رپورٹ کے مطابق انڈیگو کی پروازوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی کا آج چوتھا دن ہے۔ کم لاگت والی اس ایئرلائن کو ان نئے قواعد کے تحت شیڈول ترتیب دینے میں دشواری ہوئی، جن کا مقصد تھکن اور حفاظتی خدشات کے باعث عملے کے لیے زیادہ آرام کے اوقات اور رات کے وقت پروازوں کی حد مقرر کرنا ہے۔ ان قواعد کا پہلا مرحلہ جولائی میں نافذ ہوا تھا جبکہ دوسرا مرحلہ نومبر میں لاگو ہوا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ انڈیگو اپنی روٹین کو وقت پر ایڈجسٹ کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر پروازیں منسوخ اور متاثر ہوئیں۔ جمعرات کو 300 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ مزید سیکڑوں میں تاخیر ہوئی۔

یوکرینی صدر کی پرواز کے راستے میں 5 ڈرونز آگئے

دہلی ایئرپورٹ کی جانب سے جمعے کو جاری ایک ہدایتی پیغام میں کہا گیا کہ تمام اندرونِ ملک انڈیگو پروازیں نصف شب تک منسوخ رہیں گی۔ دیگر بڑی ایئرلائنز، جن میں ایئر انڈیا بھی شامل ہے، کو اب تک ایسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔ انڈیگو روزانہ تقریباً 2 ہزار 300 پروازیں چلاتی ہے اور بھارت کی اندرونِ ملک ہوائی مارکیٹ کا تقریباً 65 فیصد حصہ اس کے پاس ہے۔

کلکتہ کے بزرگ شہری ساجَل بوس اپنی اہلیہ سِنجُتی بوس کے ساتھ جمعے کی صبح کلکتہ سے نئی دہلی جانے والے تھے تاکہ ایک دوست کی سلور جوبلی تقریب میں شرکت کر سکیں، لیکن ان کی پرواز روانگی سے صرف ایک گھنٹہ قبل منسوخ کر دی گئی۔

بھارتی شہری نے بتایا کہ وہ اب نو گھنٹے کی ٹرین کا سفر کرکے بگڈوگرا جا رہے ہیں جہاں سے وہ کسی دوسری ایئرلائن کی پرواز سے نئی دہلی پہنچنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت غیر ذمہ دارانہ اور مکمل غفلت ہے۔ ہمارے جیسے بزرگوں کے لیے یہ بہت مشکل ہے۔

انڈیگو نے نئے قواعد کے نفاذ میں عارضی نرمی کی درخواست کی ہے اور حکومت کو یقین دلایا ہے کہ اصلاحی اقدامات جاری ہیں۔ ایئرلائن نے عندیہ دیا ہے کہ اس کی مکمل پروازیں 10 فروری تک بحال ہو جائیں گی۔

مزید پروازوں کی منسوخی آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے جبکہ کمپنی نے کہا ہے کہ وہ 8 دسمبر سے اپنی پروازوں کی تعداد کم کر دے گی تاکہ رکاوٹوں کو کم سے کم کیا جا سکے۔

passengers

flight cancels

major indian airports

flight delays

Indian airports