فلوریڈا میں بھی دو امریکی مسلم تنظیمیں ’غیر ملکی دہشتگرد گروہ‘ قرار

سی اے آئی آر کا گورنر کے خلاف عدالت جانے کا اعلان
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2025 10:50am

امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے پیر کو امریکہ کی معروف مسلم تنظیم “کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز” (سی اے آئی آر ) کو “غیر ملکی دہشتگرد تنظیم” قرار دے دیا۔ گورنر کے اس ایگزیکٹو آرڈر میں مصری تنظیم اخوان المسلمون کو بھی بطور دہشتگرد تنظیم شامل کیا گیا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ نہ تو امریکی وفاقی حکومت اور نہ ہی کوئی قومی سکیورٹی ادارہ سی اے آئی آر یا اخوان المسلمون کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیم تسلیم کرتا ہے۔ اس کے باوجود فلوریڈا کا یہ اقدام ٹیکساس کی جانب سے گزشتہ ماہ کیے گئے اسی طرح کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔

گورنر کے حکم کے مطابق فلوریڈا کی سرکاری ایجنسیاں ان دونوں تنظیموں یا ان کی مالی مدد کرنے والے کسی بھی فرد یا ادارے کو ریاستی فنڈز، ملازمت یا سرکاری معاہدے دینے کی پابند نہیں ہوں گی۔

غزہ امن منصوبے کا دوسرا مرحلہ: نیتن یاہو نے اہم اعلان کردیا

سی اے آئی آر اور اس کی فلوریڈا شاخ نے ایک مشترکہ بیان میں اس فیصلے کو غیر آئینی اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے گورنر ڈی سینٹس کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ فیصلہ قانونی اور آئینی معیار پر پورا نہیں اترتا۔

سی اے آئی آر 1994 میں قائم ہوئی تھی اور اس کے ملک بھر میں تقریباً 25 دفاتر ہیں۔ گزشتہ ماہ، سی اے آئی آر نے ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کے اسی نوعیت کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ اقدام امریکی آئین کے خلاف ہے۔

اخوان المسلمون تقریباً ایک صدی پہلے مصر میں قائم ہوئی تھی۔ تنظیم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ دہائیوں پہلے تشدد ترک کرچکی ہے اور انتخابی طریقے سے اسلامی حکومت قائم کرنے کی حامی ہے۔ تاہم مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک اسے اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں اور اس پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

امریکا میں بم بنانے کا دعویٰ کرنے والا افغان شہری گرفتار

فلوریڈا حکومت کے اس فیصلے نے ملک میں مذہبی آزادی اور شہری حقوق کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ سی اے آئی آر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے قانونی اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی۔

Texas

Florida

RON DeSANTIS

Muslim Brotherhood

Council on American Islamic Relations (CAIR)

Foreign Terrorist Organization

Florida Governor