بگ بیش لیگ: بابراعظم اور مچل اسٹارک کے جرسی نمبر ایک ہونے پر کیا ہوگا؟
بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 15 ویں ایڈیشن سے قبل آسٹریلوی فرنچائز سڈنی سکسرز نے پاکستان کے اسٹار کرکٹر بابر اعظم کے لیے منفرد جرسی نمبر متعارف کروا دیا۔ فرنچائز نے انہیں نیا جرسی نمبر 056 دینے کا اعلان کیا ہے، جس نے شائقین میں نئی دلچسپی پیدا کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق آسٹریلوی فرنچائز سڈنی سکسرز نے منگل کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بابر اعظم کی نئی جرسی کی جھلک شیئر کی، جس میں قومی بیٹر کو تاریخی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نئے نمبر کے ساتھ دکھایا گیا۔ بابر اعظم عمومی طور پر نمبر 56 استعمال کرتے ہیں تاہم سکسرز نے اس بار تخلیقی انداز اپناتے ہوئے انہیں ’056‘ نمبر دیا ہے۔
فرنچائز کے مطابق آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک بدستور روایتی 56 نمبر کی جرسی پہنیں گے اور بابر اعظم کے لیے 056 کا انتخاب دونوں کھلاڑیوں کے یکساں پسندیدہ نمبر میں فرق برقرار رکھنے کا ہلکا پھلکا مگر منفرد طریقہ ہے۔
یہ اعلان بابر اعظم کی سڈنی آمد کے ساتھ کیا گیا، جہاں سکسرز نے ان کا خیرمقدم ایک مختصر ویڈیو کے ذریعے کیا، جس میں انہیں ڈریسنگ روم میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ ”He’s arrived“ کے کیپشن کے ساتھ شیئر کی گئی اس جھلک نے مداحوں میں فوری طور پر جوش پیدا کر دیا۔

بگ بیش لیگ کے 15 ویں ایڈیشن کا آغاز 14 دسمبر 2025 سے ہوگا اور لیگ 25 جنوری 2026 تک جاری رہے گی۔ ٹورنامنٹ میں 44 میچز شیڈول ہیں، جن میں سے بیشتر پرائم ٹائم میں کھیلے جائیں گے۔ رواں سیزن میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کی شمولیت کے باعث لیگ کی عالمی ناظرین میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
پاکستانی کرکٹرز کی بڑی تعداد اس سال مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرے گی۔ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ محمد رضوان اور حسن خان (میلبورن رینیگیڈز)، حارث رؤف (میلبورن اسٹارز)، شاداب خان (سڈنی تھنڈر) اور حسن علی (ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز) بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
بی بی ایل کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ فائنلز کا روایتی 4 میچز پر مشتمل فارمیٹ برقرار رکھا جائے گا، جس میں کوالیفائر 20 جنوری اور گرینڈ فائنل 25 جنوری 2026 کو کھیلا جائے گا۔
بابر اعظم کی آمد اور انوکھے جرسی نمبر کے اعلان کے بعد سڈنی سکسرز کے شائقین سمیت کرکٹ مداحوں میں ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل ہی خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
















