ندا یاسر کو فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے معافی کیوں مانگنا پڑگئی؟

کسی بھی طبقے یا کمیونٹی کی دل آزاری کا سوچ بھی نہیں سکتیں، ندا یاسر
شائع 11 دسمبر 2025 12:57am

پاکستان کی نامور مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے معافی مانگ لی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا۔

معروف میزبان ندا یاسر نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ پر ہونے والی تنقید کے بعد اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے بیان سے متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے معافی مانگ لی اور کہا ہے کہ ان کی جانب سے دیا گیا تبصرہ فوڈ پانڈا کے تمام رائیڈرز کے بارے میں نہیں تھا بلکہ اسے غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا ایک ذاتی تجربہ آپ سے شیئر کیا تھا جو واقعاً برا تجربہ تھا لیکن وہاں مجھ سے لفظوں کے چناؤ میں کوتاہی ہوگئی، ایسی کوتاہی عام زندگیی میں ہوجاتی ہے، میرا شو لائیو ہوتا ہے، ریکارڈڈ نہیں۔ میں نے جب رائیڈرز سے متعلق اپنا برا تجربہ شیئر کیا تو اس میں یہ لفظ کہنا چاہیے تھا کہ کچھ لوگ ایسا کرجاتے ہیں۔

ندا یاسر نے کہا کہ وہ تقریباً 17 سال سے شوبز اور میزبانی کے شعبے میں کام کر رہی ہیں اور ہمیشہ تنازعات سے دور رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی طبقے یا کمیونٹی کی دل آزاری کا سوچ بھی نہیں سکتیں۔

انہوں نے ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ہوئی مختصر اور سیاق و سباق سے دور کلپس پر مکمل رائے قائم کرنے سے گریز کریں اور پوری بات کو سمجھ کر ردعمل دیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے اپنے پروگرام کے ذریعے مقبول رہنے والی ندا یاسر حال ہی میں فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے بارے میں ایک سخت بیان دینے کے باعث شدید تنقید زد میں تھیں۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز اکثر جان بوجھ کر کھلے پیسے نہیں رکھتے تاکہ انہیں زیادہ ٹپ مل سکے‘۔ ندا نے مشورہ دیا کہ لوگ یا تو پہلے سے کھلے پیسے رکھیں یا رائیڈر سے اضافی رقم ساتھ لانے کا کہہ دیں۔

ان کے اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت فوڈ ڈلیوری رائیڈرز نے بھی شدید ردِعمل دیا تھا اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

Nida Yasir

morning show

Food Delivery Rider

apology bike rider