پی ٹی آئی نے نئی سیاسی کمیٹی کی ازسرِنو تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

نئی سیاسی کمیٹی میں چیئرمین پی ٹی آئی، سیکریٹری جنرل سمیت 23 اہم رہنماؤں کی شمولیت
شائع 12 دسمبر 2025 07:44pm

پاکستان تحریک انصاف نے اپنی سیاسی کمیٹی دوبارہ تشکیل دے دی ہے، جس میں مرکزی اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے اہم رہنماؤں کو شامل کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹی پارٹی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہوگی اور آئندہ پالیسی سازی کی ذمہ دار ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف نے اپنی سیاسی کمیٹی کی ازسرِنو تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 23 اہم رہنماؤں کو نئی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں شامل دیگر نمایاں شخصیات میں سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، فِردوس شمیم نقوی، شیخ وقاص اکرم، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی شامل ہیں۔

سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق سینیٹ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر معین قریشی کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اسی طرح پنجاب سے سابق اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر، اوورسیز چیپٹر کے سیکریٹری سجاد برکی، چیف آرگنائزر پنجاب زعالیہ حمزہ، جُنید اکبر، حلیم عادل شیخ اور داؤد کاکڑ کو بھی کمیٹی میں نمائندگی دی گئی ہے۔

آزاد کشمیر کے خالد خُورشید اور گلگت بلتستان کے سردار قیوم نیازی بھی نئی کمیٹی میں شامل ہیں۔

علاوہ ازیں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، قومی اسمبلی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، سینیٹ کوآرڈینیٹر فوزیہ ارشد، خواتین ونگ کی صدر کنول شوزب اور اقلیتی ونگ کے صدر لال چند ملہی بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی کمیٹی پی ٹی آئی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہو گی، جو پارٹی کی پالیسی سازی، حکمت عملی اور پارلیمانی جماعتوں کے لیے رہنما پالیسیوں کی تشکیل کی ذمہ دار ہوگی۔

shibli faraz

pti leadership

salman akram raja

ASAD QAISAR

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Barrister Gohar Ali Khan

umer ayoub

PTI Reorganization

PTI Notification

Political Committee