کراچی: سنی تحریک کے سربراہ کے گھر پر چھاپہ، 20 سے زائد افراد گرفتار

چھاپے کے دوران کئی ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں جواد قادری المعروف خواجہ اور شاہ زیب ملا شامل ہیں، پولیس
شائع 14 دسمبر 2025 08:48am
پولیس کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا، جس میں چھوٹے اور بڑے ہتھیار اور گولیوں کے متعدد میگزین شامل ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا، جس میں چھوٹے اور بڑے ہتھیار اور گولیوں کے متعدد میگزین شامل ہیں۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سنی تحریک کے سربراہ انجینئر سروت اعجاز قادری سمیت 20 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ہفتے کی شب قادری ہاؤس میں کی گئی، جس کی تصدیق پولیس حکام اور سنی تحریک کے نمائندوں نے کی ہے۔

سنی تحریک کے ترجمان کے مطابق پولیس نے رات گئے قادری ہاؤس پر چھاپہ مارا اور پارٹی کے سینئر عہدیداران اور کارکنان کو حراست میں لے لیا، جن میں کراچی ڈویژن کے بعض عہدیدار بھی شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کو بھی حراست میں لیا لیکن کچھ دیر بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔

ترجمان نے اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس نے گھر کی حرمت کو پامال کیا اور طاقت کے استعمال کے ذریعے پارٹی کی آواز دبانے کی کوشش کی۔

پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر حملے میں ملوث دہشت گرد نیٹ ورک کی شناخت ہوگئی

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایک ملزم ریحان کی نشاندہی پر کی گئی، جسے پہلے ہی جمشید کوارٹرز کے علاقے میں بھتہ خوری اور فائرنگ کے واقعات میں گرفتار کیا جا چکا تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عمران خان کے مطابق چھاپے کے دوران کئی ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں جواد قادری المعروف خواجہ اور شاہ زیب ملا شامل ہیں۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا، جس میں چھوٹے اور بڑے ہتھیار اور گولیوں کے متعدد میگزین شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے اور وہ مبینہ طور پر بھتہ خوری کے نیٹ ورکس سے منسلک تھے، جن کے روابط صمد کاٹھیاواڑی اور وصی اللہ لاکھو جیسے مبینہ بھتہ خور گینگ لیڈرز سے بتائے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ افراد مختلف مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔

کراچی: فلیٹ سے خواتین کی لاشیں ملنے کا معاملہ، باپ بیٹے نے اعتراف جرم کرلیا

ادھر سنی تحریک کے ترجمان نے پولیس کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کارروائی کے دوران قادری ہاؤس میں نصب سیکیورٹی کیمرے توڑ دیے گئے تاکہ چھاپے کی تفصیلات چھپائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اس کارروائی اور گرفتاریوں کو قانونی طریقے سے چیلنج کرے گی۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی دیکھی گئی، جبکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

قادری ہاؤس میں پولیس کارروائی کے بعد ثروت اعجاز قادری کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری فیملی کی بے حرمتی کی گئی، ہم نے ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی ہے اور قربانیاں دی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس چھاپے میں ملوث پوری ٹیم کے خلاف کارروائی کی جائے، بصورت دیگر  پورے ملک میں احتجاج کیا جائے گا۔

karachi

extortion

Nazimabad

Sunni Tehreek

sarwat ejaz qadri

Wasiullah Lakho

Qadri House Raid

Samad Kathiawari