آئی فون کو دوسری اسکرین اور اضافی 2 ٹی بی اسٹوریج دینے والی نئی ڈیوائس
آئی فون کو دوسری اسکرین اور اضافی 2 ٹی بی اسٹوریج دینے والی نئی ڈیوائس سامنے آگئی ہے۔
ٹیکنالوجی پر مبنی کمپنی ڈاک کیس (Dockcase) جو اسمارٹ فونز اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز کے لیے جدید اور فنکشنل ایکسیسریز تیار کرتی ہے نے آئی فون کے لیے ایک نئے اور منفرد کیس کے تصور کا تعارف کرایا ہے جسے سیلفکس کہا جا رہا ہے۔ یہ کیس خاص طور پر آئی فون 17 پرو سیریز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور فون کے پچھلے حصے پر ایک ثانوی ڈسپلے شامل کرتا ہے۔
سیلفکس کیس کے پچھلے حصے پر ایک گول شکل کا 1.6 انچ ٹچ ڈسپلے موجود ہے، جس کی ریزولوشن 480 × 480 پکسلز ہے۔
ڈاک کیس کے مطابق اسکرین کا بنیادی مقصد صارفین کو آئی فون کے اعلیٰ معیار کے 48 میگا پکسل رئیر کیمروں کو سیلفیز اور ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
کمپیوٹر کی ’ریم‘ اور ’ایس ایس ڈی‘ مہنگی کیوں ہو رہی ہیں، صارفین کیا کریں؟
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ڈسپلے الٹرا وائیڈ گروپ سیلفیز لینے میں بھی مدد دیتا ہے، جو ان کے مطابق فرنٹ کیمرا اسی معیار کے ساتھ فراہم نہیں کر سکتا۔ اس کے علاوہ تصویر لینے سے پہلے فریمنگ پری ویو کے طور پر بھی کام کرتا ہے، تاکہ صارفین شٹر دبانے سے قبل درست فریم دیکھ سکیں۔

ریئر ڈسپلے کے علاوہ، سیلفکس کیس میں ایک پی ڈی 3.0 یو ایس بی-سی پورٹ شامل ہے جو 100 واٹ تک ان پٹ کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک مخصوص پاور بٹن بھی دیا گیا ہے، جس کے ذریعے ڈسپلے کو آن یا آف کیا جا سکتا ہے۔
یہ کیس ایک مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ بھی فراہم کرتا ہے، جو 2 ٹیرا بائٹ تک اسٹوریج کو سپورٹ کرتا ہے۔
ڈاک کیس کے مطابق اس مائیکرو ایس ڈی کارڈ کو آئی فون کی لائبریری میں اضافی تصاویر اور ویڈیوز محفوظ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔ لانچ کے وقت یہ کیس بلش پنک، اوٹ وائٹ اور مڈنائٹ سیاہ رنگوں میں دستیاب ہونے کی توقع ہے۔
ڈاک کیس کا دعویٰ ہے کہ ریئر ڈسپلے صارفین کو بہترین تجربہ فراہم کرے گا۔ کمپنی کے مطابق اس کیس کے استعمال کے لیے کسی علیحدہ ایپ کو انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
فی الحال سیلفکس کیس کی قیمت اور باضابطہ دستیابی سے متعلق کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
















