لاہور: دوسری شادی کے بعد جھگڑے؛ ڈی ایس پی نے بیوی اور بیٹی کے قتل کا اعتراف کرلیا

ڈی ایس پی عثمان حیدر نے گھر یلو ناچاقی پر اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کیا، پولیس ذرائع
شائع 14 دسمبر 2025 02:05pm

پنجاب پولیس کے ڈی ایس پی عثمان حیدر کی بیوی اور بیٹی کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر پولیس کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی عثمان حیدر نے گھر یلو ناچاقی پر اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کیا۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی نے بیوی اور بیٹی کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔

لاہور میں ڈی ایس پی عثمان حیدر کی جانب سے اپنی بیوی اور بیٹی کے اغواء کے کیس میں ہولناک انکشافات سامنے آگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی عثمان حیدر نے گھریلو ناچاقی پر مبینہ طور پر اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے دو شادیاں کر رکھی تھیں جبکہ مقتولہ اس کی پہلی بیوی تھی، جس سے اس نے محبت کی شادی کی تھی۔ ڈی ایس پی عثمان حیدر اور اس کی اہلیہ کے درمیان گھریلو ناچاقی چلی آ رہی تھی۔

پولیس کے مطابق دوسری شادی کے بعد میاں بیوی کے درمیان جھگڑے شدت اختیار کرگئے، جو بالآخر اس افسوسناک انجام تک پہنچ گئے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے گھریلو تنازع پر ہی اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کیا۔ ڈی ایس پی عثمان حیدر نے قتل کے بعد اپنی بیوی اور بیٹی کو تلاش کرنے کا ڈرامہ کیا اور متعدد بار سسرال جا کر انہی پر اغوا کا الزام بھی لگاتا رہا۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عثمان حیدر نے اہلیہ اور بیٹی کے اغوا کی ایف آئی آر تھانہ برکی میں درج کرائی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے ڈی ایس پی عثمان حیدر کو حراست میں لے لیا اور ملزم نے اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق بیٹی کی لاش کاہنہ سے اور بیوی کی لاش شیخوپورہ سے برآمد کی گئی ہے۔ ایس پی کی زیر نگرانی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ پولیس نے ملزم کی دوسری بیوی کو بھی شاملِ تفتیش کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تفتیش کے دوران مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔

lahore

Wife and daughter Murder

DSP Usman Haider