برازیل کا ’اسٹیچو آف لبرٹی‘ تیز ہوا سے گر گیا
عالمی شہرت یافتہ ’اسٹیچو آف لبرٹی‘ تیز ہوا سے گر گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جنوبی برازیل میں تیز آندھی کے باعث اسٹیچو آف لبرٹی کی ایک بڑی نقل گر نے سے ٹوٹ کر بکھر گئی تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ واقعہ برازیل کی ریاست ریو گرانڈے ڈو سل کے میٹروپولیٹن علاقے میں پیش آیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی برازیل کے شہر گوائیبا میں پیش آیا، جو پورٹو الیگری کے قریب واقع ہے۔ امریکہ کے مجسمۂ آزادی کی یہ نقل تقریباً 24 میٹر بلند تھی کو ایک ہاوان ریٹیل اسٹور کی پارکنگ میں نصب تھی۔ یہ واقعہ پیر 15 دسمبر کو پیش آیا۔
واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز ہوا کے باعث مجسمہ پہلے ایک جانب جھکتا ہے اور پھر اچانک زمین پر گر جاتا ہے، جب کہ قریب ہی ایک مصروف سڑک پر گاڑیاں معمول کے مطابق رواں دواں رہتی ہیں۔ یہ نقل ایک فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ کے قریب نصب کی گئی تھی۔
اس سے قبل مقامی سول ڈیفنس نے شدید ہواؤں کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا تھا، جس میں شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے، برقی آلات منقطع کرنے اور دروازے و کھڑکیاں محفوظ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق یہ مجسمہ ہاوان ریٹیل چین کی ملکیت تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت علاقہ تقریباً خالی تھا، جس کے باعث عوام کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز ہوائیں علاقے کو شدید متاثر کر رہی ہیں، جب کہ بعض موٹرسائیکل اور کار سوار افراد مجسمہ گرنے سے قبل اپنی گاڑیاں وہاں سے ہٹانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سول ڈیفنس حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
















