لیاری: موبائل پیکیج نہ کرانے پر کمسن لڑکی کی مبینہ خودکشی مشکوک قرار
کراچی کے علاقے لیاری آگرہ تاج کالونی میں 14 سالہ لڑکی کی مبینہ خودکشی کا افسوس ناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے علاقے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کی لاش گھر سے پھندہ لگی حالت میں ملی، جسے فوری طور پر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران والدین نے بیان دیا کہ لڑکی ہادیہ نے اپنی والدہ سے موبائل فون کا پیکج کروانے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر انکار کے بعد اس نے مبینہ طور پر اپنی جان لے لی۔
تاہم, پولیس کے مطابق والدین کی جانب سے بار بار بیانات میں تبدیلی کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے واقعہ مشکوک ہو گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بظاہر یہ خودکشی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے، لیکن اصل وجوہات جاننے کے لیے ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق، اس سلسلے میں شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مختلف زاویوں سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ موت کن حالات میں واقع ہوئی۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ تاحال ورثا نے قانونی کارروائی کروانے سے انکار کر رکھا ہے، تاہم اس کے باوجود پولیس اپنی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔
حکام کے مطابق مزید تحقیقات اور شواہد کی روشنی میں حقائق سامنے لائے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

















