نقصان والے ادارے معیشت پر بوجھ ہیں، ان اداروں کی نجکاری ہمارا عزم تھا: وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نقصان والے ادارے معیشت پر بوجھ ہیں، ان اداروں کی نجکاری ہمارا عزم تھا، پی آئی اے کی شفاف نجکاری اس عزم کی تکمیل کا سنگ میل ہے۔
منگل کو وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کے حوالے سے کامیاب بڈنگ کے انعقاد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی۔
منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری خوش آئند ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ عوامِ سے ہمارا پختہ عزم تھا کہ نقصان میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے تیز اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، جو ملکی معیشت پر بوجھ بنے ہوئے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے شفاف اور انتہائی مسابقتی بولی کے عمل کی کامیاب تکمیل اس عزم کی تکمیل میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، مشیر نجکاری محمد علی اور ان کی پوری ٹیم کو پی آئی اے کی بولی کے عمل کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز اور مکمل شفافیت کے ساتھ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ یہ مؤقف رکھتا آیا ہوں کہ چاہے کوئی بھی کنسورشیم کامیاب ہوتا، اصل کامیابی پاکستان کی ہی ہوتی، اور آج کا نتیجہ اس یقین کی مکمل تصدیق کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے سرکردہ کاروباری گروپس اور پاکستان کے تجربہ کار اور معزز سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت ہماری معیشت اور اس کے مستقبل پر مضبوط اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ عمل ابھی جاری ہے اور آنے والے دنوں میں ہم مزید جوش، عزم اور محنت کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھیں گے تاکہ اپنی قوم کے لیے ایک روشن مستقبل تعمیر کیا جا سکے۔
نجکاری سے کھربوں کے نقصان سے نجات ملے گی، خواجہ آصف
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پی آئی اے کا 135ارب میں بکنا معیشت پر بڑھتا ہوا اعتماد ہے، نجکاری سے ہزاروں کھربوں کے نقصان سے نجات ملے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکار ی سے معیشت کی بحالی کا عمل تیز ہو گا، نجکاری کمیشن کو مبارک ہو، آج کی ٹرانزیکشن مستقبل میں مزید کامیابیوں کی نوید ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ سول ایویشن کی محنت سے عالمی پابندیوں کا خاتمہ اس کامیاب ٹرانزیکشن کی بڑی وجہ بنا، ماضی میں 10 ارب کی بولی تھی اور آج 135 ارب میں بکی۔ یہ ہماری سول ایوی ایشن ریگولیٹر پر اعتماد کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پی آئی اے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، آج ان کے چھوڑے کھنڈروں پر نئی عمارت تعمیر ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ آج ہونے والی بولی میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی لگا کر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔












