طلاق کے بعد عماد وسیم کی مبینہ دوست کا مؤقف سامنے آگیا

سابق اہلیہ کے الزامات اور مبینہ گرل فرینڈ کے بیان نے نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا۔
شائع 30 دسمبر 2025 03:27pm

سابق پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی جانب سے اہلیہ ثانیہ اشفاق سے طلاق کے اعلان کے بعد معاملہ محض ذاتی نہیں رہا بلکہ سوشل میڈیا اور عوامی بحث کا مرکز بن چکا ہے۔ طلاق، مبینہ تعلقات اور الزامات کے اس سلسلے میں اب ڈیجیٹل کریئیٹر اور وکیل نائلہ راجہ کا تفصیلی ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے، جس نے تنازع کو مزید بڑھا دیا ہے۔

عماد وسیم نے 28 دسمبر کو سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ باہمی اختلافات کے باعث کیا گیا اور انہوں نے عوام سے نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کی تھی۔ تاہم، اس اعلان کے فوراً بعد ثانیہ اشفاق نے اپنے ردعمل میں اشارہ دیا کہ ان کی ازدواجی زندگی کے خاتمے میں تیسرے فریق کی مداخلت شامل رہی ہے۔

ثانیہ اشفاق کے اس مؤقف کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی نظریں فوری طور پر نائلہ راجہ پر مرکوز ہو گئیں، جن کا نام پہلے بھی عماد وسیم کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے۔

جولائی 2025 میں نائلہ راجہ اس وقت خبروں میں آئیں جب ان کی اور عماد وسیم کی ایک ساتھ موجودگی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئیں، جبکہ اسی دوران ثانیہ اشفاق امید سے تھیں۔

طلاق کے اعلان کے بعد نائلہ راجہ کو شدید عوامی دباؤ اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد صارفین نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ یا تو الزامات کو کھل کر غلط ثابت کریں یا شواہد پیش کریں۔

اس صورت حال پر نائلہ راجہ نے ایک طویل بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس حقیقی ثبوت موجود ہیں تو انہیں سوشل میڈیا کے بجائے متعلقہ قانونی اداروں میں پیش کیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدنامی صرف جھوٹے اور نقصان دہ دعوؤں پر لاگو ہوتی ہے، جبکہ حقائق سامنے لانے سے کوئی قانون نہیں روکتا۔

نائلہ راجہ کے اس مؤقف نے سوشل میڈیا پر نیا طوفان کھڑا کر دیا۔ کئی صارفین نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے گھر توڑنے والی قرار دیا، جبکہ بعض نے ان کے اعتماد بھرے لہجے کو مشکوک قرار دیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ”یہ اعتماد تب ہی آتا ہے جب انسان خود کو ہر الزام سے بالاتر سمجھتا ہے“۔

جبکہ دوسرے صارفین کا کہنا تھا کہ ”ثانیہ اشفاق نے نائلہ کا نام لیے بغیر بات کی، اس کے باوجود نائلہ کا دفاعی ردعمل خود کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔“

دوسری جانب، کچھ حلقوں کا خیال ہے کہ نائلہ راجہ کا قانونی مؤقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ خود کو بے قصور سمجھتی ہیں اور سوشل میڈیا ٹرائل کے بجائے قانونی طریقہ اختیار کرنے کی حامی ہیں۔

تاحال عماد وسیم کی جانب سے اس تازہ تنازع پر کوئی نیا بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ یہ معاملہ بدستور سوشل میڈیا، نیوز پلیٹ فارمز اور عوامی بحث میں سرفہرست ہے۔

Divorce

Statement

FORMER WIFE

girlfriend s

Imad Wasim’