بھارتی وزیر خارجہ سے غیر متوقع ملاقات پر ایاز صادق کا بیان

جے شنکر نے ویٹنگ روم میں ایاز صادق سے ملاقات کی۔
شائع 31 دسمبر 2025 11:25pm

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اچانک ویٹنگ روم میں آئے، ان کے سامنے کھڑے ہوئے اور کہا ’ہیلو‘، اور تصاویر کے لیے کیمرا ٹیم بھی ان کے ساتھ تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ویٹنگ روم میں بیٹھے تھے کہ اچانک بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ ہائی کمشنر صاحب سے بات کر رہے تھے اور جے شنکر بالکل ان کے پاس آکر کھڑے ہو گئے۔

ایاز صادق کے مطابق، جے شنکر نے ”ہیلو“ کہا اور انہوں نے مڑ کر دیکھا۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ جیسے ہی وہ کھڑے ہوئے، وزیر خارجہ نے اپنا تعارف کرایا اور کہا کہ وہ انہیں جانتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ مجھے آئیڈیا تھا کہ وہ آ رہے ہیں، میں نے مڑ کر دیکھا، میں پھر کھڑا ہوگیا، تو انہوں نے اپنا تعارف کرایا، میں نے کہا آپ کیسے ہیں؟ اور اپنا تعارف کرانا چاہا تو انہوں نے کہا میں آپ کو جانتا ہوں۔

ایاز صادق نے مزید بتایا کہ جے شنکر نے ہائی کمشنر سے بھی ہاتھ ملا یا اور تصاویر لینے کے لیے کیمرا ٹیم ساتھ لائی گئی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ مجھے حکومت کی جانب سے بھی کوئی ہدایت نہیں تھیں اور وہ خود بھی اس ملاقات کی توقع نہیں کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے ڈھاکہ گئے تھے۔ اس موقع پر تعزیتی ملاقاتوں کے دوران پاک بھارت جنگ کے بعد پہلی بار دونوں ممالک کے اعلی ٰسطح کے رہنماؤں کا آمنا سامنا ہوا۔

ڈھاکہ کے قومی پارلیمنٹ کمپلیکس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی تھی۔

مئی دو ہزار پچیس میں ہونے والی مختصر جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہر قسم کے سیاسی اور سفارتی رابطے منقطع ہیں۔

Dhaka

sardar ayaz sadiq

khalida zia

Jaishankar meet ayaz sadiq