جاوید عالم اوڈھو نے آئی جی سندھ کا چارج سنبھال لیا
جاوید عالم اوڈھو نے باقاعدہ انسپکٹر جنرل (آئی جی سندھ) کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
کراچی میں جاوید عالم اوڈھو نے باضابطہ طور پر آئی جی سندھ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ سنٹرل پولیس آفس آمد پر انہیں پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ انہوں نے سینئر افسران سے ملاقاتیں کیں اور یادگارِ شہدا پر حاضری دی۔
سینٹرل پولیس آفس پہنچنے پر آئی جی سندھ کو پولیس کے خصوصی دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سینٹرل پولیس آفس میں تعینات سینئر پولیس افسران سے ملاقات بھی کی، آئی جی سندھ نے پولیس کے شہداء کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی خدمات ادارے کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور عوام کے تحفظ کے لیے پولیس اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گی۔
بعد ازاں نئے آئی جی نے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے ملاقات کی۔ چیف سیکریٹری نے انہیں چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت امن و امان کے لیے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ملاقات میں اہلکاروں کی تربیت بہتر بنانے، سہولیات میں اضافہ اور ویلفیئر اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پولیس کی خدمات قابلِ تعریف ہیں۔ جاوید عالم اوڈھو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ میں مؤثر، شفاف اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا اور جرائم کے خلاف کارروائیاں قانون کے مطابق جاری رہیں گی۔













