لاہور میں 2025 کے دوران 116 افراد کی خودکشی

معاشرتی اور گھریلو پیچیدگیاں افسوسناک واقعات کی وجہ بنیں
شائع 01 جنوری 2026 03:58pm

لاہور میں سال 2025 کے دوران خودکشی کے واقعات میں کمی نہ آ سکی اور مختلف وجوہات کے باعث مجموعی طور پر 116 افراد نے اپنی جان لے لی۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 81 مرد، 33 خواتین اور 2 خواجہ سرا شامل تھے۔ ان واقعات کے پس منظر میں گھریلو تنازعات اور ذاتی نوعیت کے مسائل کو اہم عوامل قرار دیا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 12 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 9 مرد اور 3 خواتین شامل تھیں۔ فروری میں 11 افراد نے خودکشی کی، مارچ میں 6، اپریل میں 12 اور مئی کے دوران 17 واقعات رپورٹ ہوئے، جو سال کے دوران سب سے زیادہ تعداد رہی۔ جون میں 8، جولائی میں 11، اگست میں 12، ستمبر میں 6 اور اکتوبر میں 8 افراد نے اپنی جان لے لی۔ نومبر اور دسمبر میں بالترتیب 7، 7 واقعات رپورٹ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ان واقعات میں زیادہ تر کیسز میں خاندانی مسائل، معاشی دباؤ اور ذاتی تنازعات کار فرما تھے، تاہم ہر واقعے کی نوعیت مختلف رہی۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کے مطابق تمام واقعات کی الگ الگ تحقیقات کی گئیں اور قانونی کارروائی مکمل کی جاتی رہی۔

سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ذہنی دباؤ اور تنازعات کے شکار افراد تک بروقت رہنمائی اور مدد پہنچانا ضروری ہے، تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور پر اہل خانہ، معالج یا متعلقہ اداروں سے رجوع کریں۔

lahore

punjab

police

Suicide

during 2025