ہالی وُڈ اداکار ٹومی لی جونز کی بیٹی کی لاش ہوٹل سے برآمد

وکٹوریہ کی زندگی مشکلات سے بھرپور رہی تھی۔
شائع 03 جنوری 2026 10:04am

ہالی وڈ کے معروف اداکار ٹومی لی جونز کی 34 سالہ بیٹی وکٹوریہ جونز سان فرانسسکو کے ایک ہوٹل میں مردہ پائی گئیں۔

نيو یارک پوسٹ کے مطابق، وکٹوریہ کو ہوٹل کے 14 ویں فلور پر ایک مہمان نے دیکھا، جسے لگا کہ وہ نشے کی حالت میں بے ہوش ہو گئی ہیں۔ ہوٹل کے عملے نے فوری طور پر سی پی آر شروع کیا اور ایمبولینس بلائی، لیکن پیرا میڈیکس کے پہنچنے تک انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

پولیس نے کہا کہ موقع پر کوئی مشتبہ سرگرمی یا منشیات کے آثار نہیں پائے گئے، اور کوئی اشارہ نہیں ملا کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہو۔ ابھی تک واضح نہیں کہ وکٹوریہ جونز ہوٹل میں مہمان تھیں یا 14 ویں فلور پر کیسے پہنچی تھیں۔

وکٹوریہ جونز، ٹومی لی جونز اور ان کی پہلی بیوی کمبرلیا کلاولی کی بیٹی تھیں۔ انہوں نے بھی اداکاری کا شعبہ اپنایا اور چھوٹی عمر میں اپنے والد کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں۔ وکٹوریہ نے Men in Black II، The Three Burials of Melquiades Estrada اور One Tree Hill جیسی فلموں اور شوز میں کام کیا۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق وکٹوریہ کی جوانی میں زندگی مشکلات سے بھرپور رہی۔ نیپا کاؤنٹی، کیلیفورنیا میں انہیں اپریل 2025 میں پولیس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا، منشیات کے زیر اثر ہونا، اور منشیات کی ملکیت کے الزامات میں گرفتار کیا گیا۔ بعد میں وہ گھریلو تشدد اور بزرگوں کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات میں بھی گرفتار ہوئیں، جس پر انہوں نے بے قصور ہونے کا دعویٰ کیا۔

یہ واقعہ وکٹوریہ جونز کے ذاتی مسائل اور قانونی مشکلات کے بعد سامنے آیا ہے اور ان کی موت کی وجوہات کا تعین میڈیکل ایکزامنر کی تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔

hollywood

Dead

daughter

San Francisco hotel

Victoria Jones

Actor Tommy Lee Jones