زوبین گرگ قتل کیس: منیجر نے لالچ میں قتل کی سازش کی، تفتیشی حکام
بولی ووڈ کے مشہور گلوکار زوبین گرگ کی موت کے معاملے میں تفتیش کی پرتیں آہستہ آہستہ کھل رہی ہیں۔
ستمبر 2025 میں سنگاپور میں ایک میوزک فیسٹیول کے دوران ان کی ناگہانی موت نے نہ صرف اہل خانہ بلکہ لاکھوں شائقین کو صدمے میں ڈال دیا تھا۔ تاہم، اب خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تحقیقات نے مالی سازش اور قتل کے ممکنہ محرکات سامنے لا دیے ہیں۔
ایس آئی ٹی نے عدالت میں بتایا ہے کہ زوبین کے سابق منیجر اور مرکزی ملزم سدھارتھ شرما نے گلوکار کی رقم کا غبن کیا اور تقریباً 1.10 کروڑ بھارتی روپے کی سرمایہ کاری ایک چھوٹے گاؤں میں مہابیر ایکوا واٹر پلانٹ میں کر دی۔ تفتیش کے مطابق، یہ مالی فائدہ زوبین گرگ کے قتل کے پیچھے بنیادی وجہ تھا۔
ایس آئی ٹی نے واضح کیا کہ سدھارتھ کی سرمایہ کاری، بے نامی لین دین اور منی لانڈرنگ اس قتل کی منصوبہ بندی کی اصل بنیاد تھی۔ اگر عدالت ضبطی کے احکامات جاری نہیں کرتی تو ملزم اور اس کے ساتھی جائیداد بیچ کر رقم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس سے کیس میں انصاف کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔
عدالت نے اس جائیداد کو قرق کرنے کی درخواست پر 17 جنوری تک جواب طلب کیا ہے۔
واضح رہے کہ زوبین گرگ ستمبر 2025 میں سنگاپور میں ایک فیسٹیول میں پرفارم کرنے گئے تھے۔ اس دوران وہ سمندر میں تیرنے کی کوشش کے دوران بے ہوش ہو گئے اور بعد میں پانی میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
ابتدائی طور پر موت کو حادثاتی قرار دیا گیا تھا، لیکن مزید شواہد، ویڈیوز اور گواہوں کے بیانات نے معاملے کو قتل کے زمرے میں ڈال دیا۔
زوبین کے اہل خانہ اور شائقین نے موت کے بارے میں جاننے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر آسام حکومت نے عدالتی کمیشن قائم کیا تاکہ کیس کی گہرائی سے چھان بین کی جا سکے۔
زوبین گرگ کے قتل کی تحقیقات کے دوران، ایس آئی ٹی نے سات افراد کے خلاف قانونی کارروائی دائر کی ہے، ابتدائی تحقیقات میں زوبین کے سابق منیجر اور فیسٹیول آرگنائزر گرفتار ہوئے، جبکہ بینڈ کے ساتھیوں اور دیگر شامل ملزمان پر بھی قانونی کارروائی کی گئی۔ مقدمے میں انہیں قتل، سازش، اور مالی بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔
















