کراچی: 4 لاشیں ملنے کا واقعہ، ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آگیا، لرزہ خیز انکشافات
کراچی کے علاقے مائی کلاچی روڈ پر مین ہول سے ماں اور 3 معصوم بچوں کی لاشیں ملنے کے ہولناک واقعے کا معمہ پولیس نے حل کرلیا ہے جب کہ واقعے میں ملوث ملزم مسرور حسین کا ویڈیو بیان سامنے آگیا، جس میں اس نے لرزہ خیز انکشافات کیے ہیں۔
کراچی میں مائی کولاچی روڈ پر مین ہول سے ماں اور 3 بچوں کی لاشوں کی برآمدگی نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ انیلہ اور اس کے 3 کمسن بچوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے ملزم مسرور حسین کو گرفتار کرلیا، جس کا ویڈیو بیان بھی سامنے آچکا ہے۔ ملزم کے مطابق اس کی مقتولہ انیلہ سے ڈھائی سال قبل دوستی ہوئی تھی، جو بعد میں تنازع کا سبب بن گئی۔
کراچی: گٹر سے برآمد 4 لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹس آگئیں
ملزم کا کہنا ہے کہ انیلہ اس پر تعویز کرنے اور دباؤ ڈالنے لگی تھی، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا۔ پانچ روز قبل انیلہ اسے مائی کولاچی لے گئی، جہاں تعویز جلانے کے دوران اس نے انیلہ کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔
ملزم کے اعتراف کے مطابق پہلے انیلہ کو قتل کیا گیا، بعد ازاں اس کے تینوں بچوں کو گھر سے ساتھ لے جا کر مائی کولاچی میں قتل کیا گیا۔ چاروں لاشوں کو خشک گٹر میں پھینک کر اوپر کمبل اور پتھر ڈال دیے گئے۔
واقعے کے بعد مقتولین کی میتیں ایدھی سینٹر سہراب گوٹھ سے ورثا کے حوالے کی گئیں۔ مقتولین کی نماز جنازہ کھارادر کی شہید مسجد میں ادا کی گئی، جس میں لواحقین، عزیز و اقارب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی چاروں کو میوہ شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔













