وینزویلا: صدر مادورو کے اغوا پر احتجاج
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلیوز کے اغوا کے خلاف وینزیلا سمیت مختلف ملکوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی فورسز نے تین جنوری کو وینزویلا کے صرارتی محل میں فوجی آپریشن کرتے ہوئے صدر نکولس اور ان کی اہلیہ کو گرفتارکرکے امریکا منتقل کردیا تھا۔ اس ڈرامائی گرفتاری نے عالمی سیاست میں شدید ہلچل مچا دی ہے، جس کے اثرات وینزویلا کے دارالحکومت کراکس سے نکل کر جنوبی کوریا، برطانیہ سمیت دنیا کے متعدد ملکوں تک پھیل گئے ہیں۔ امریکی کارروائی کے خلاف مظاہروں کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جارحیت، یکطرفہ فوجی حملے اور ”رجیم چینج“ کی پالیسیوں کی سخت مذمت کی جا رہی ہے۔ صدر ٹرمپ کی ہدایت پر وینزیلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیے جانے کے اقدام کو چین، روس، اقوام متحدہ، کیوبا، برازیل اور دیگر لاطینی امریکی ممالک نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وینزویلا کا بحران اب ایک عالمی سفارتی چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے، جس کے اثرات جنوبی کوریا سے لے کر جنوبی امریکا تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔





























