ورلڈکپ سپر8: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ بارش کی نذر، دونوں ٹیموں کو1، 1پوائنٹ مل گیا
کولمبو میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم مقابلہ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ میچ کا ٹاس مقررہ وقت پر ہوا تاہم مسلسل بارش کے سبب کھیل کا آغاز ممکن نہ ہو سکا۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم مقابلہ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ میچ کا ٹاس مقررہ وقت پر ہوا، پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ٹاس کے فوراً بعد تیز بارش شروع ہو گئی جس کے باعث کھیل کا آغاز ممکن نہ ہو سکا اور پچ کو فوری طور پر کورز سے ڈھانپ دیا گیا۔
وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث گراؤنڈ اسٹاف کی بھرپور کوششوں کے باوجود آؤٹ فیلڈ کھیل کے قابل نہ بن سکی۔ امپائرز نے متعدد بار معائنہ کیا لیکن گیلی پچ اور خراب موسم کے سبب بالآخر میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یوں سپر ایٹ گروپ 2 کا یہ اہم مقابلہ بغیر کسی گیند کے ختم ہوگیا۔
میچ کی منسوخی کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا، جس کے بعد سپر 8 مرحلے میں گروپ کی صورت حال مزید دلچسپ اور سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ میں ہر میچ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
بارش سے قبل شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی جو ایک سنسنی خیز مقابلے کی منتظر تھی، تاہم موسم نے کرکٹ شائقین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور دونوں ٹیموں کے مداح مایوس لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم میں فخر زمان کو میں شامل کیا گیا، جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل تھی۔
گروپ مرحلے میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی مؤثر رہی۔ پاکستان نے گروپ اے میں تین میچز جیت کر دوسرے نمبر پر جگہ بنائی، جب کہ نیوزی لینڈ نے بھی گروپ ڈی میں تین کامیابیاں سمیٹتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
یاد رہے کہ جنوری 2022 سے دونوں ٹیمیں ٹی20 انٹرنیشنلز میں 24 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں نیوزی لینڈ کو سبقت حاصل رہی، نیوزی لینڈ نے 13 جب کہ پاکستان نے 9 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
سپر 8 مرحلے میں پاکستان اپنا اگلا میچ منگل کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا جو گرین شرٹس کے لیے انتہائی اہم ہوگا، جب کہ نیوزی لینڈ کو بھی اگلے میچ میں کامیابی سمیٹنا ہوگی تاکہ سیمی فائنل کی دوڑ میں برتری حاصل کی جا سکے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔